ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / رائچور میں 79 ٹن یوریا کالابازاری میں فروخت، کسانوں میں شدید ناراضگی

رائچور میں 79 ٹن یوریا کالابازاری میں فروخت، کسانوں میں شدید ناراضگی

Wed, 30 Jul 2025 12:08:26    S O News
رائچور میں 79 ٹن یوریا کالابازاری میں فروخت، کسانوں میں شدید ناراضگی

رائچور، 30 /جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) کرناٹک کے رائچور ضلع میں 79 ٹن یوریا کھاد کی کالابازاری کا انکشاف ہوا ہے، جس پر کسانوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے ضلع افسران سے شکایت کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق، یہ یوریا کھاد کللور پرائمری ایگریکلچرل کوآپریٹو سوسائٹی کے گودام تک پہنچنی تھی، مگر کسانوں کا الزام ہے کہ اسے بیچ راستے میں غیر قانونی طور پر فروخت کر دیا گیا۔ دستاویزات کے مطابق، آر اے پی ایم سی سے 19 جون کو 18 ٹن، 26 جون کو 36 ٹن، اور 4 جولائی کو 25 ٹن یوریا روانہ کیا گیا، لیکن کسانوں کا کہنا ہے کہ ایک بھی بوری سوسائٹی کے گودام میں نہیں پہنچی۔

الزام ہے کہ سوسائٹی کے صدر اور سکریٹری نے دیگر اراکین کو اطلاع دیے بغیر تمام یوریا کالابازاری میں فروخت کر دیا۔ کسانوں نے ضلع کلکٹر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوراً یوریا فراہم کیا جائے، ورنہ سوسائٹی کو تحلیل کیا جائے۔

مانوی تعلقہ میں بھی کسانوں نے محکمہ زراعت سے شکایت کی، جس پر جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ فروخت کے کوئی رسید یا ریکارڈ موجود نہیں ہیں۔ زرعی محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پرکاش چوہان نے بتایا کہ قصورواروں کو نوٹس جاری کر دی گئی ہے، اور جواب نہ دینے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کسانوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے اور یوریا کی کالابازاری میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے، تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات نہ ہو۔


Share: