نئی دہلی ، 13 /جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) کانگریس نے 17 جولائی کو دہرادون میں منعقد ہونے والی اپنی مجوزہ مہم (چھاتروں کی گونج) کے لیے عوامی رابطہ تیز کرتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں مختلف طلبہ نے ملک کے امتحانی اور تعلیمی نظام پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کے سابق صدر اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بھی یہی ویڈیو اپنی ایکس پوسٹ پر شیئر کرتے ہوئے طلبہ سے اس مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔
کانگریس نے اپنی پوسٹ میں الزام لگایا کہ ملک کا تعلیمی نظام اب تعلیم کے بجائے ’وصولی کا نظام‘ بن چکا ہے، جس کے باعث کروڑوں طلبہ اور ان کے خاندان قرض، ذہنی دباؤ اور مایوسی کا شکار ہو رہے ہیں۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ یہی بدعنوان نظام پیپر لیک مافیا کے فروغ کا سبب بنا، جس نے لاکھوں محنتی طلبہ کے خواب چکنا چور کر دیے، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اس صورتحال پر خاموش ہیں اور اپنی ذمہ داری سے پلا جھاڑ رہے ہیں۔
کانگریس کی جانب سے جاری ویڈیو میں مختلف طلبہ این ٹی اے (نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی) اور امتحانی نظام پر اپنے اعتماد کے خاتمے کا اظہار کرتے ہیں۔ بعض طلبہ کا کہنا ہے کہ امتحانات کرانے والا موجودہ نظام ناکام ہو چکا ہے، جبکہ ایک طالب علم نے اسے مکمل طور پر ناکام تصور قرار دیا۔ ویڈیو کے اختتام پر راہل گاندھی امتحانی نظام میں بڑے مالیاتی گھوٹالے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے ایک عوامی تحریک کی شروعات قرار دیتے ہیں اور طلبہ سے اس میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہیں۔
کانگریس نے اس مہم کے لیے آن لائن رجسٹریشن بھی شروع کی ہے۔ پارٹی کی رجسٹریشن ویب سائٹ پر دکھائی گئی معلومات کے مطابق خبر لکھے جانے تک دہرادون میں ہونے والے پروگرام کے لیے ڈھائی لاکھ سے زائد افراد اپنا اندراج کرا چکے تھے۔