ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / خام تیل کی قیمتوں میں 13 فیصد اضافہ، قطر میں ایل این جی پیداوار معطل، ہندوستا میں پیٹرول و ڈیزل مہنگے ہونے اور سپلائی بحران کا خدشہ

خام تیل کی قیمتوں میں 13 فیصد اضافہ، قطر میں ایل این جی پیداوار معطل، ہندوستا میں پیٹرول و ڈیزل مہنگے ہونے اور سپلائی بحران کا خدشہ

Thu, 05 Mar 2026 13:12:00    S O News

نئی دہلی ، 5/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)ایران  پر اسرائیل اور امریکی حملہ کی قیمت پوری دنیا کو چکانی پڑسکتی ہے۔ خام تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں جبکہ آبنائے ہرمز سے گزرنے  والے جہازوں کو نشانہ بنانے کی ایران کی دھمکی  سے خلیجی ممالک سے ایند ھن کی سپلائی بری طرح متاثر ہوگی۔  اُدھر قطر انرجی   نے اپنے ٹھکانوں پر ایرانی ڈرون حملوں  کے بعد پروڈکشن روک دیا ہے۔  

بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمت ۱۳؍فیصد بڑھ کر تقریباً۸۲؍۳۷؍ ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہیں  جو جنوری۲۰۲۵ء کے بعد سب سے بلند سطح ہے۔ حالانکہ  بعد میں قیمتوں میں کچھ کمی آئی اور برینٹ کروڈ گر کر۷۷ء۶۶؍ ڈالر فی بیرل پر آ گیا، جو اب بھی۶ء۶۱؍ فیصد زیادہ ہے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی)  کروڈ  ہندوستانی وقت کے مطابق منگل کی  صبح۷۱ء۲۶؍  ڈالر فی بیرل پر تھا۔ جمعہ کو برینٹ کی قیمت۷۳؍ ڈالر فی بیرل سے کچھ نیچے بند ہوئی تھی جبکہ جنوری کے آغاز میں یہ تقریباً۶۰؍ڈالر فی بیرل تھی۔

ایران-امریکہ و اسرائیل تنازع  یں میں تیل کے انفرا اسٹرکچر اور بحری جہازوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔کم از کم ۳؍ ٹینکروں کو میزائل لگنے کی اطلاعات ہیں، جن میں ایک ملاح ہلاک ہوا ہے۔ یہ بھی خبریں ہیں کہ ایران نےآبنائے ہرمز جو تیل کی نقل و حمل کا اہم عالمی راستہ ہے،  سے آمدورفت بند کر دی ہے۔ ہندوستان اپنی گھریلو ضرورت کا ۸۵؍ فیصد سے زیادہ تیل درآمد کرتا ہے  اور تقریباً نصف خام تیل آبنائے ہرمز سے گزرتا ہے۔ ۲۰۲۵ء میںہندوستان کی سالانہ خام تیل کی  درآمد میں  عراق، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت (جو خلیج فارس میں واقع ہیں)   کا لگ بھگ۴۶؍ فیصد حصہ  تھے۔ ان ممالک سے آنےوالی سپلائی  آبنائے ہرمز سے گزرتی  ہے۔

اگر ایران کی تیل برآمدات میں کمی آتی ہے، خلیجی توانائی کے ڈھانچے کو نقصان پہنچتا ہے، جہازوں کی  آمدو رفت متاثر ہوتی ہے  یا آبنائے ہرمز کو بند کیا جاتا ہےتو  سپلائی  متاثر ہونے کا جھٹکا تیل کی قیمتوں کو بڑھا سکتا  ہے۔

قطر انرجی، جو دنیا کی سب سے بڑی ایل این جی کمپنی ہے اور ہندوستان کیلئے مائع قدرتی گیس(ایل این جی ) کی  بڑی سپلائر ہے، نے پیر کو اعلان کیا کہ ایرانی ڈرون حملوں کے بعد اس نے ایل این جی کی پیداوار روک دی ہے۔اس سے قبل قطر کی وزارتِ دفاع نے کہا تھا کہ ایران سے داغے گئے ۲؍ ڈرون حملوں میں ایندھن کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیاہے۔ وزارت کے ترجمان کے مطابق ایک ڈرون نے مسائید انڈسٹریل سٹی میں ایک پاور پلانٹ کے پانی کے ٹینک کو نشانہ بنایا جبکہ دوسرا ڈرون راس لفان انڈسٹریل سٹی میں ایک توانائی کی سہولت سے ٹکرایا۔قطر ہندوستان کا سب سے بڑا ایل این جی سپلائر ہے جو سالانہ تقریباً۱۱ء۴؍ ملین ٹن (MT) ایل این جی برآمد کرتا ہے، جو ملک کی کُل درآمدات کا۴۰؍فیصد سے زیادہ ہے۔


Share: