ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو پولیس کی بروقت کارروائی، بدنام زمانہ پنیت کیرے ہلّی گرفتار، جیل بھیجا گیا

بنگلورو پولیس کی بروقت کارروائی، بدنام زمانہ پنیت کیرے ہلّی گرفتار، جیل بھیجا گیا

Thu, 11 Sep 2025 10:59:51    S O News

بنگلورو، 11؍ ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) بنگلورو سٹی پولیس نے شہر کے بدنام زمانہ شخص پنیت کیرے ہلّی کو گرفتار کرکے کیرے ہلّی جیل بھیج دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف اب تک 14 سنگین مقدمات درج ہیں اور وہ مسلسل مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔ مزید جرائم کی روک تھام اور امن و امان قائم رکھنے کے مقصد سے اس کے خلاف احتیاطی کارروائی کی گئی ہے۔

اطلاع کے مطابق بسونگُڈی پولیس نے 10 ستمبر کو اس کے خلاف بی این ایس ایس کی دفعہ 127 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا اور اسے اسپیشل ایگزیکیوٹیو مجسٹریٹ (جنوبی ڈویژن، بنگلورو شہر) کے روبرو پیش کیا۔ عدالت نے اس سے یہ تحریری ضمانت طلب کی تھی کہ وہ آئندہ کسی بھی غیر قانونی یا مجرمانہ سرگرمی میں شامل نہیں ہوگا، امن و امان کو متاثر نہیں کرے گا اور سماجی ہم آہنگی کو نقصان نہیں پہنچائے گا۔

تاہم، پنیت کیرے ہلّی نے ایسی کوئی یقین دہانی دینے سے انکار کردیا، جس کے بعد اسپیشل ایگزیکیوٹیو مجسٹریٹ نے اسے عدالتی تحویل میں بھیجنے کا حکم صادر کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، گرفتاری کے وقت ملزم مبینہ طور پر مدور جانے کی تیاری کر رہا تھا جہاں حالیہ دنوں میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شہری امن و سکون اور سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری تھا تاکہ مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔


Share: