ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سہروردی روڈ کے نام کی تبدیلی پر سیاست گرم، کانگریس کا سویندو ادھیکاری پر طنز: ’’حقائق سے زیادہ الجھن کا شکار ہیں‘‘

سہروردی روڈ کے نام کی تبدیلی پر سیاست گرم، کانگریس کا سویندو ادھیکاری پر طنز: ’’حقائق سے زیادہ الجھن کا شکار ہیں‘‘

Mon, 22 Jun 2026 17:38:26    S O News

نئی دہلی    ، 22/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)کولکاتہ میونسپل کارپوریشن نے سہروردی ایونیو روڈ کا نام بدل کر گوپال مکھرجی روڈ کر دیا ہے۔ اس معاملے پر وزیر اعلیٰ سویندو ادھیکاری نے کہا کہ ’یوم مغربی بنگال‘ پر کولکاتہ کی تاریخی غلطی میں اصلاح کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’بے گناہ شہریوں کا قتل عام کروانے والے سہروردی کی جگہ اب لوگوں کی جان بچانے والے گوپال مکھرجی کے نام پر روڈ کا نام رکھا گیا ہے‘‘۔ اس معاملے پر کانگریس رکن پارلیمنٹ پون کھیڑا نے کہا کہ سویندو ادھیکاری حسن شاہد سہروردی اور حسین سہروردی کے درمیان کنفیوز ہو گئے۔

سویندو ادھیکاری نے سڑک کا نام تبدیل کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’میں ’پشچم بنگ دیوس‘ کے خاص موقع پر کل کولکاتہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کئے گئے اس فیصلے کی ستائش کرتا ہوں جو ایک تاریخی غلطی کی اصلاح کرنے میں اہم رول ادا کرے گا۔ اب سہروردی ایونیو کا نام بدل کر گوپال مکھرجی روڈ کر دیا جائے گا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں تک ہمارے شہر کی ایک اہم سڑک ایسے شخص کے نام  سے منسوب رہی جس نے صرف سیاسی فائدے کے لیے ریاست کے اقتدار کو ہتھیار کی طرح استعمال کیا اور بے گناہ شہریوں کا قتل عام کروایا۔ اب اس سڑک کا نام بدل کر شری گوپال مکھرجی کے نام پر رکھا جا رہا ہے، وہ بہادر شخص جنہوں نے ہزاروں بے گناہ لوگوں کی جان بچانے کے لیے محافظ کا کردار ادا کیا تھا۔ اس طرح ایک سچے محافظ اور حفاظت کرنے والے کو اعزاز دے کر ہی انصاف ہوسکے گا۔ اب وقت آگیا ہے کہ مغربی بنگال اصلی ہیروز کو یاد کرے، اپنی غلطیوں کی اصلاح اور ان کا احترام کرے۔

اس دوران بنگال کے وزیر اعلیٰ کی پوسٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور میڈیا انچارج پون کھیڑا نے لکھا کہ ’’سویندو دا، آپ نے یہ کیا کردیا؟‘‘۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ’’خواتین و حضرات، یہ مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ ہیں، وہ اور ان کی پوری حکومت مغربی بنگال کی نمائندگی کرنے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن وہ حسن شاہد سہروردی، جو ایک عالم، ماہر تعلیم، آرٹ نقاد اور کلکتہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر تھے۔ حسین سہروردی، جنہیں ’بنگال کا قصائی‘ کہا جاتا ہے، ان کے درمیان الجھن میں پڑ گئے۔ اسی کنفیوزن (الجھن) میں انہوں نے حسن شاہد سہروردی کے نام سے منسوب سڑک کا نام بدل دیا‘‘۔


Share: