پلیکیلے ، 17/ فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)ٹی-20 عالمی کپ کے ایک اہم مقابلے میں سری لنکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 12 گیندیں باقی رہتے ہوئے 8 وکٹوں سے شکست دے دی اور سپر 8 مرحلے میں اپنی جگہ یقینی بنا لی۔ اس شکست کے بعد آسٹریلیا کے لیے اگلے مرحلے کی راہ انتہائی مشکل ہو گئی ہے۔
182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی شروعات اچھی نہیں رہی اور دوسرے ہی اوور میں کوسل پریرا صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم پتھم نسانکا اور کوسل مینڈس نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا۔ دونوں نے دوسرے وکٹ کے لیے 93 رنز کی اہم شراکت قائم کی جس نے میچ کا رخ بدل دیا۔
کوسل مینڈس نے 38 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز بنائے اور لگاتار تیسری نصف سنچری مکمل کی۔ انہیں مارکس اسٹوئنس نے آؤٹ کر کے شراکت توڑی، لیکن اس کے بعد بھی نسانکا آسٹریلوی گیندبازوں پر حاوی رہے۔ انہوں نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے صرف 52 گیندوں پر 10 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 100 رنز بنائے اور ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری اپنے نام کی۔ پون رتنائیکے نے ناٹ آؤٹ 28 رنز کا مفید تعاون دیا۔ سری لنکا نے 18 اوور میں 2 وکٹ پر 184 رنز بنا کر ہدف حاصل کر لیا۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے کپتان مچل مارش (54) اور ٹریوس ہیڈ (56) کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹ پر 181 رنز بنائے تھے۔ دونوں نے پہلے وکٹ کے لیے 104 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے مضبوط بنیاد فراہم کی، مگر یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے ٹیم بڑا اسکور نہ بنا سکی۔ جوش انگلس (22) اور گلین میکسویل (27) کے علاوہ کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔
سری لنکا کی جانب سے دُشان ہیمنتھا نے تین وکٹ حاصل کیے جبکہ دشمنتھا چمیرا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مہیش تھیکشنا، ڈنتھ ویللاج اور کامندو مینڈس نے ایک، ایک وکٹ لیا۔
اس نتیجے کے بعد سری لنکا پوائنٹس ٹیبل میں مضبوط پوزیشن کے ساتھ سپر ایٹ میں پہنچ گئی ہے، جبکہ آسٹریلیا کے صرف دو پوائنٹس ہیں اور اسے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے دیگر ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنا ہوگا۔ دوسری جانب زمبابوے کے لیے سپر ایٹ کی راہ ہموار ہو گئی ہے اور اس کے پاس اگلے میچ میں کامیابی کے ساتھ کوالیفائی کرنے کا سنہری موقع موجود ہے۔