بینگلورو، 13 / اگست (ایس او نیوز) اسمبلی سیشن کے دوران وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے بتایا کہ ریاستی حکومت آن لائن گیمنگ پلیٹ فارمس کو قابو میں رکھنے کے سلسلے میں قانون بنائے گی۔ جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بایو ٹیکنالوجی کے وزیر پریانک کھرگے نے اسمبلی اجلاس کے دوران بتایا کہ ہندوستان میں اس وقت آن لائن گیمنگ کی مارکیٹ 590 ملین ڈالر ہے۔
ڈاکٹرپرمیشور نے بتایا کہ نوجوان آن لائن گیمنگ اور بیٹنگ [جوئے بازی] کی لت کا شکار ہوتے جا رہے ہیں ، جس کی وجہ سے سماجی مسائل پیدا ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین سال کے اندر آن لائن گیمنگ سے متعلقہ 347 معاملے درج کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ سال 2021 میں اس وقت کی بی جے پی حکومت نے آن لائن گیمنگ پر روک لگانے کے لئے کرناٹکا پولیس ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے قانون لایا تھا ۔ آل انڈیا گیمنگ فیڈریشن نے اس کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کی اور ہائی کورٹ نے اس قانون کو کالعدم قرار دیا ۔ ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے ۔
ڈاکٹر پرمیشور نے بی جے پی کے ایم ایل اے ایس سریش کمار کی طرف سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں یہ بات بتائی کہ سیںئر آئی پی ایس آفیسر پرنب موہنتی کی قیادت والی کمیٹی کی طرف سے ستمبر میں رپورٹ ملنے کے بعد اقدام کیا جائے گا۔