سری نگر ،22/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی)جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی کے دہلی میں احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کو جواب دہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے سوال کرنا اپوزیشن کی ذمہ داری ہے۔
دہلی کے ایک پولیس اسٹیشن کے باہر گاندھی کے دھرنے پر بیٹھنے سے متعلق سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر وہی کر رہے ہیں، جو ان سے توقع کی جاتی ہے۔ عمرعبداللہ نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے کہا،اگر اپوزیشن لیڈر اپوزیشن کا کردار ادا نہیں کریں گے تو پھر اس کا کیا فائدہ ہے؟
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈروں کو اس بنیاد پر مختلف پیمانوں سے نہیں پرکھا جانا چاہیے کہ مسئلہ کون اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، میں نے آپ کو جموں و کشمیر کے اپوزیشن لیڈر سے یہ پوچھتے ہوئے نہیں سنا کہ آپ بار بار بے فائدہ سوالات کیوں اٹھاتے ہیں۔ جب وہ ایسا کرتے ہیں تو آپ لطف لیتے ہیں، لیکن جب راہل گاندھی ایسا کرتے ہیں تو آپ پوچھتے ہیں کہ وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں؟ آپ اپوزیشن رہنماؤں کو الگ الگ پیمانوں سے نہیں پرکھ سکتے۔
عمر نے کہا کہ گاندھی کے اقدامات اپوزیشن لیڈر کو سونپی گئی ذمہ داریوں کے عین مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا، راہل گاندھی وہی کر رہے ہیں جو ملک ان سے توقع کرتا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کام حکومت سے جواب طلب کرنا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کام حکومت کو جواب دہ بنانا ہے۔ راہل گاندھی بھی یہی کر رہے ہیں۔ میں چاہوں گا کہ وہ اسی طرح اپنا کام جاری رکھیں۔ یہی اپوزیشن کا کام ہے۔
عمر عبداللہ نے جموں کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سنیل شرما کو جموں و کشمیر میں اسلام کے پھیلاؤ سے متعلق مبینہ بیان پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں مذہبی معاملات پر تبصرہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
شرما کے مبینہ بیان سے متعلق سوال کے جواب میں عمر نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کے بجائے جموں و کشمیر میں اسلام کی تاریخ پر اپوزیشن لیڈر کی توجہ ان کی حکومت کے لیے ایک مثبت علامت ہے۔