ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / شیموگہ کے میگان اسپتال میں نومولود کا لرزہ خیز قتل، ماں گرفتار

شیموگہ کے میگان اسپتال میں نومولود کا لرزہ خیز قتل، ماں گرفتار

Mon, 25 Aug 2025 11:23:40    S O News

شیموگہ، 25 اگست (ایس او نیوز/ایجنسی):شیموگہ شہر کے میگان گورنمنٹ اسپتال کے زچگی وارڈ کے بیت الخلا میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک نومولود بچے کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد بچے کی ماں کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار خاتون کی شناخت شائیلا کے طور پر ہوئی ہے جو داونگیرے ضلع کے ہونّالی تعلقہ کے تِملاپور گاؤں کی رہائشی ہے۔ اس سنسنی خیز کیس کی تفتیش دوڈاپیٹ پولیس تھانے کے انسپکٹر روی پاٹل کی قیادت میں کی گئی۔

یہ واقعہ 16 اگست کو اس وقت منظر عام پر آیا جب اسپتال کے بیت الخلا سے نومولود بچے کی لاش ملی جس کی گردن کٹی ہوئی تھی۔ اسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور زچگی وارڈ میں موجود تمام خواتین اور ان کے بچوں کی فہرست تیار کی گئی۔ اس دوران شائیلا نے دعویٰ کیا کہ اس کا بچہ قبل از وقت گھر پر ضائع ہوگیا تھا اور وہ اسپتال میں صرف پیٹ درد کے علاج کے لیے آئی ہے۔

تاہم پولیس کو اس کے بیان پر شبہ ہوا اور اس کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی گئی۔ شائیلا کے صحتیاب ہونے اور ڈسچارج ہونے کے بعد اسے حراست میں لیا گیا۔ سخت پوچھ گچھ کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ نومولود اسی کا تھا اور بچے کو قتل بھی اسی نے کیا۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ شائیلا پہلے ہی دو بچوں کی ماں ہے اور تقریباً چار سال قبل اس کا نس بندی آپریشن ہو چکا تھا، لیکن اس کے باوجود وہ حاملہ ہوگئی تھی اور اس نے اس بات کو اپنے خاندان سے چھپایا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اچانک دردِ زہ کے باعث اسپتال کے بیت الخلا میں بچے کی پیدائش ہوئی اور اسی دوران اس نے مبینہ طور پر نومولود کو قتل کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل حقیقت عدالتی کارروائی اور فارنسک رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔


Share: