بنگلورو، 22 مئی (ایس او نیوز) حکومتِ کرناٹک نے سینئر آئی پی ایس افسر ڈاکٹر ایم اے سلیم کو ریاست کا نیا ڈائریکٹر جنرل اور انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی و آئی جی پی) مقرر کیا ہے۔ یہ تقرری موجودہ ڈی جی پی ڈاکٹر آلوک موہن کی ریٹائرمنٹ کے بعد عمل میں آئی، جو اپنی مدت ملازمت مکمل کر کے سبکدوش ہو گئے۔

ڈاکٹر ایم اے سلیم 1993 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں۔ ڈی جی پی بننے سے قبل وہ ریاستی سی آئی ڈی کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی مدتِ ملازمت جون 2026 تک ہے، جس کے تحت وہ تقریباً ایک سال تک اس اعلیٰ ترین پولیس عہدے پر فائز رہیں گے۔
اس اعلیٰ عہدے کے لیے ڈاکٹر ایم اے سلیم اور 1992 بیچ کے سینئر افسر پرشانت کمار ٹھاکر کے درمیان سخت مقابلہ رہا۔ اگرچہ سینیارٹی میں ٹھاکر ایک سال آگے ہیں، لیکن حکومت نے ڈاکٹر سلیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی، انتظامی صلاحیت اور سابقہ خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اس عہدے کے لیے منتخب کیا۔
ڈاکٹر سلیم ریاست کے کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، جن میں بنگلورو سٹی کے اسپیشل پولیس کمشنر کا عہدہ بھی شامل ہے۔ ان کی قیادت میں ریاستی پولیس سے قانون نافذ کرنے اور عوامی تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کی توقع کی جا رہی ہے۔