ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ٹمکوروکے کورٹگیرے میں المناک سڑک حادثہ، بیکری کے سامنے لاری کی زد میں آکر تین افراد جاں بحق، دو زخمی

ٹمکوروکے کورٹگیرے میں المناک سڑک حادثہ، بیکری کے سامنے لاری کی زد میں آکر تین افراد جاں بحق، دو زخمی

Tue, 22 Jul 2025 18:04:06    S O News

ٹمکورو، 22 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی):ضلع ٹمکور وکے کورٹگیرے تعلقہ میں منگل کی دوپہر ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں کھاد سے بھری ایک تیز رفتار لاری بریک فیل ہونے کے بعد سڑک کنارے واقع ایک بیکری سے ٹکرا گئی۔ اس بھیانک حادثے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔

حادثہ کورٹگیرے تعلقہ کے کولال بس اسٹینڈ کے قریب اس وقت پیش آیا جب لاری کولال پولیس اسٹیشن کی سمت سے آتے ہوئے اچانک بے قابو ہو کر "بائراویشور بیکری" میں گھس گئی۔ حادثے کے وقت بیکری کے سامنے پتے اور چوڑیاں فروخت کرنے والے تین افراد لاری کی زد میں آ گئے اور موقع پر ہی دم توڑ بیٹھے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں کورٹگیرے تعلقہ پنچایت کی سابق رکن محترمہ سِدّاگنگمّا، کانت راجو اور جیاَنّا شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بیکری کے مالک منجوناتھ اس حادثے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی کورٹگیرے پولیس اسٹیشن کے سرکل انسپکٹر انل اور کولال پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر یوگیندر اپنی ٹیم کے ساتھ جائے واردات پر پہنچے اور موقع کا معائنہ کیا۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے، اور بریک فیل ہونے یا ڈرائیور کی لاپروائی جیسے ممکنہ اسباب کی جانچ کی جا رہی ہے۔

حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی وزیر داخلہ اور مقامی رکن اسمبلی ڈاکٹر جی. پرمیشور نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ انہوں نے افسران کو فوری طور پر زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔

یہ حادثہ علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑا گیا ہے، اور عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جائے اور حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔


Share: