ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی، اجلاس پیر تک ملتوی؛ ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ پر اپوزیشن کا شدید احتجاج

پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی، اجلاس پیر تک ملتوی؛ ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ پر اپوزیشن کا شدید احتجاج

Sat, 07 Feb 2026 11:18:05    S O News

نئی دہلی، 7/ فروری (ایس او نیوز /ایجنسی) لوک سبھا میں  صدر جمہوریہ کے خطاب پربحث میں  اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو بولنے کی اجازت نہ ملنے اور لداخ  میں چین کے ساتھ ٹکراؤ پرملک کی سیاسی قیادت میں فیصلے کے جمود کے معاملہ پر پارلیمنٹ  میں  جمعہ کو بھی  ہنگامہ آرائی جاری رہی اور کارروائی پیر تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ لوک سبھا کو ملتوی کرتے ہوئے اسپیکر  اوم برلا نے بتایا کہ موجودہ بجٹ اجلاس کے دوران رکاوٹوں کی وجہ سے۱۹؍گھنٹے ۱۳؍منٹ ضائع ہو گئے۔

دوسری طرف ہند -امریکہ تجارتی معاہدہ کو ملک کے کسانوں اور تاجروں پر براہ راست حملہ قرار دیتے ہوئے اپوزیشن کے ممبران نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں  زبردست   احتجاج کیا۔اس کےساتھ ہی چینی ٹینکوں کی دراندازی  کے وقت کوئی فیصلہ لینے کے بجائے ’’جو اُچت سمجھو ،وہ کرو‘‘کہہ کر ذمہ داری فوجی سربراہ کے سر پر ڈالنے  کے معاملے میں   اپوزیشن نے وزیراعظم مودی کو نشانہ بنایا۔ پارلیمنٹ  احاطہ میں  مظاہرہ کے دوران راہل گاندھی سمیت  اپوزیشن کے اراکین  نے   ’’جو اُچت سمجھو ،وہ کرو‘‘ کے نعرے لگائے۔ ند-امریکہ تجارتی معاہدہ کے خلاف احتجاج میں    اپوزیشن کے اراکین  نے اپنے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھا تھا جس  میں معاہدہ کو  ٹریپ ڈیل بتایا گیا ۔  راہل گاندھی  جب اس احتجاج  میں شامل ہوئے تو انہوںنے ممبران کے ساتھ ’جو اچت سمجھو وہ کرو (جومناسب لگے وہ کرو) کے نعرے لگائے۔

اس سے قبل لوک سبھا کو پہلے دوپہر تک کیلئے ملتوی کیا گیا لیکن جب دوپہر کو ایوان کو دوبارہ طلب کیا گیا تو حزب اختلاف کے ارکان   نعرے لگاتے  ہوئے  پلے کارڈز کے ساتھ چاہ ِایوان  تک پہنچ گئے۔اپوزیشن نے خاموشی اختیار کرنے سے انکارکردیا جس کے بعد ایوان کی کارروائی پیر تک ملتوی کر دی گئی۔  دریں اثناء کانگریس نے وزیر اعظم مودی کے ذریعہ گزشتہ روز لوک سبھا میں صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کا جواب دینے سے گریز کرنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔پارٹی نے اس کو ایوان کے طریقۂ کار اور کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کے بارے میں  اسپیکر اوم برلا کو خط لکھا۔ 


Share: