ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / وِجے نَگر میں کھیت میں کام کررہے کسان پر ریچھ کا حملہ، سر سمیت جسم کے کئی حصوں پر زخم

وِجے نَگر میں کھیت میں کام کررہے کسان پر ریچھ کا حملہ، سر سمیت جسم کے کئی حصوں پر زخم

Sat, 26 Sep 2026 12:58:01    S O News

وجے نَگر، 26 /ستمبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے وِجےنَگر ضلع کے کُڈلیگی تعلقہ میں کھیت میں کام کررہے ایک کسان پر ریچھ نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی کسان کی شناخت املاپور گاؤں کے 40 سالہ بسوراج کے طور پر کی گئی ہے۔یہ واقعہ ہفتہ کی صبح املاپور گاؤں کی حدود میں واقع بسوراج کے کھیت میں پیش آیا۔

بتایا گیا ہے کہ وہ اپنے کھیت میں کام کررہا تھا کہ اچانک ریچھ نے ان پر حملہ کردیا۔ریچھ نے بسوراج کے سر سمیت جسم کے مختلف حصوں کو پنجوں سے نوچا، جس کے باعث اس کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر گہرے زخم آئے۔ حملے کے بعد اسے علاج کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج جاری ہے۔

کسان پر ریچھ کے حملے کی اطلاع پھیلتے ہی املاپور اور آس پاس کے علاقوں میں خوف و تشویش پھیل گئی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں ریچھوں کی نقل و حرکت اور حملوں سے کسانوں کو مسلسل خطرہ لاحق ہے۔

مقامی افراد نے جنگلاتی محکمہ کے خلاف ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ریچھوں کی نقل و حرکت پر قابو پانے اور کسانوں کی حفاظت کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


Share: