ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سیلاب متاثرہ علاقوں کا کلبرگی میں وزیر اعلیٰ سدارامیا کا فضائی و زمینی معائنہ، کسانوں اور عوام کو فوری راحت کا وعدہ

سیلاب متاثرہ علاقوں کا کلبرگی میں وزیر اعلیٰ سدارامیا کا فضائی و زمینی معائنہ، کسانوں اور عوام کو فوری راحت کا وعدہ

Wed, 01 Oct 2025 11:08:05    S O News
سیلاب متاثرہ علاقوں کا کلبرگی میں وزیر اعلیٰ سدارامیا کا فضائی و زمینی معائنہ، کسانوں اور عوام کو فوری راحت کا وعدہ

کلبرگی، یکم اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی):کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے آج کلبرگی اور اطراف کے اضلاع میں تباہ کن سیلاب کی صورتحال کا فضائی و زمینی معائنہ کرتے ہوئے متاثرہ عوام اور کسانوں کو فوری راحت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

وزیر اعلیٰ سب سے پہلے کلبرگی ایئرپورٹ پہنچے، جہاں انہوں نے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں کلبرگی، بیدر، یادگیر اور وجئے پورہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔

اس کے بعد وزیر اعلیٰ سدارامیا نے وزراء ایم۔ بی۔ پاٹل، کرشنا بائرے گوڈا اور پریانک کھرگے کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔ انہوں نے سیلاب کے باعث ڈوبی ہوئی زمینوں، تباہ شدہ مکانات اور متاثرہ سڑکوں کا قریب سے جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسانوں کی کھڑی فصلیں شدید نقصان سے دوچار ہوئی ہیں جبکہ عام عوام کو بھی بھاری مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ریاستی حکومت فوری اقدامات کرے گی تاکہ متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور کسانوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔


Share: