بنگلورو، 14 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی):وزیراعلیٰ کرناٹک سدارامیا نے مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیموگہ ضلع کے سگندور میں منعقدہ ترقیاتی پروگرام میں ریاستی حکومت کو نظرانداز کرنا نہایت افسوسناک اور پروٹوکول کی صریح خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے ذاتی طور پر مرکزی وزیر نتن گڈکری سے فون اور خط کے ذریعے گزارش کی تھی کہ ساگر تعلقہ میں طے شدہ ترقیاتی پروگرام کو مؤخر کیا جائے کیونکہ وہ پہلے ہی وجئے پورہ کے دورے پر روانہ ہو چکے تھے۔ سدارامیا نے بتایا کہ گڈکری نے اصولی طور پر اس بات پر رضامندی ظاہر کی تھی، مگر بی جے پی کے مقامی قائدین کے دباؤ میں آکر پروگرام کو بغیر اطلاع کے آج ہی منعقد کر دیا گیا، جس میں نہ وزیراعلیٰ کو مدعو کیا گیا، نہ ہی ریاستی وزراء، مقامی ایم ایل ایز اور دیگر سرکاری نمائندگان کو۔
انہوں نے وضاحت کی کہ مرکز کی زیر سرپرستی اسکیموں میں ریاست کا بھی مالی حصہ ہوتا ہے، اس لیے ایسی سرکاری تقریبات میں ریاستی حکومت کے نمائندوں کو مدعو کرنا عزت و احترام کا تقاضا ہے۔ انہوں نے اس طرزِ عمل کو غیر شائستہ اور وفاقی روایات کے خلاف قرار دیا۔
اسی دوران وزیراعلیٰ نے ریاستی حکومت کی مشہور فلاحی اسکیم "شکتی یوجنا" کے تحت خواتین کے مفت سفر کے معاملے میں ایک اہم سنگ میل عبور کیے جانے کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ آج "شکتی یوجنا" کے تحت ریاست کی 500 کروڑ ویں خاتون مسافر کو علامتی طور پر مفت سفر کا ٹکٹ جاری کیا گیا، جو خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت ایک بڑی پیش رفت ہے۔
یاد رہے کہ 2023 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے جن پانچ گارنٹی اسکیموں کا وعدہ کیا تھا، ان میں "شکتی یوجنا" بھی شامل تھی۔ 20 مئی 2023 کو حکومت کی تشکیل کے بعد 11 جون سے اس اسکیم کو ریاست بھر میں نافذ کیا گیا، جس کے تحت ریاست کی خواتین کو سرکاری بسوں میں مفت سفر کی سہولت حاصل ہے۔
آخر میں وزیراعلیٰ سدارامیا نے مشہور کنڑ فلم اداکارہ بی۔ سروجادیوی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کا انتقال فلمی دنیا کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ مرحومہ کی روح کو سکون نصیب ہو اور ان کے اہل خانہ و مداحوں کو صبر جمیل حاصل ہو۔