ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک کے اسکول اساتذہ اب نام کے ساتھ ’Tr.‘ اعزازی لقب استعمال کرسکیں گے: ڈی کے شیوکمار

کرناٹک کے اسکول اساتذہ اب نام کے ساتھ ’Tr.‘ اعزازی لقب استعمال کرسکیں گے: ڈی کے شیوکمار

Sun, 06 Sep 2026 12:47:07    S O News

بنگلورو ، 6/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ اساتذہ کو ان کی خدمات کے اعتراف میں پیشہ ورانہ اعزاز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ریاست کے اسکول اساتذہ آئندہ اپنے نام کے ساتھ Tr. کا اعزازی لقب استعمال کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کی تعمیر اور نئی نسل کی رہنمائی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور انہیں عزت دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ہفتہ کو وجے نگر ضلع کے کودلیگی میں ’پرجا سیوا ابھیان‘ کا افتتاح کرتے ہوئے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5 ستمبر کو ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے یومِ اساتذہ منایا جاتا ہے۔ دیگر پیشوں سے وابستہ افراد کو ان کے پیشے کی بنیاد پر اعزاز حاصل ہوتا ہے، اسی طرح اساتذہ کو بھی پیشہ ورانہ اعزاز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ اس سلسلے میں کابینہ میں بھی تبادلۂ خیال کیا گیا ہے۔ ریاست میں تقریباً 4.50 لاکھ اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں دو ہستیوں کو خدا کا درجہ دیا جاتا ہے؛ پہلی وہ والدین جو ہمیں دنیا میں لاتے ہیں اور دوسری وہ اساتذہ جو ہمیں زندگی کا راستہ دکھاتے اور علم کی روشنی فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حروف کی خدمت پروردگار کی خدمت ہے۔ استاد بغیر کسی ذاتی مفاد کے معاشرے کی اصلاح اور نئی نسل کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتا ہے۔ ملک کی تعمیر میں فوجی، مزدور، استاد اور کسان بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے ان سب کا احترام کیا جانا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ دیہی علاقوں کے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے لیے سرکاری ملازمتوں میں 7.5 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کی حکومت کی جانب سے پہل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں آئندہ مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔


Share: