ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک حکومت کا طالبات کے لیے بڑا قدم، دیپیکا اسکیم کے تحت سالانہ 30 ہزار روپے وظیفہ

کرناٹک حکومت کا طالبات کے لیے بڑا قدم، دیپیکا اسکیم کے تحت سالانہ 30 ہزار روپے وظیفہ

Sun, 23 Aug 2026 11:54:41    S O News

بنگلورو ، 23/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی)کرناٹک حکومت نے سرکاری اسکولوں اور سرکاری پری یونیورسٹی کالجوں سے تعلیم مکمل کرنے والی طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مالی مدد فراہم کرنے کے مقصد سے دیپیکا اعلیٰ تعلیمی وظیفہ اسکیم شروع کی ہے۔ ریاست کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیمات بسواراج رائے ریڈی نے کہا کہ اسکیم کے تحت اہل طالبات کو سالانہ 30 ہزار روپے وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔

وزیر نے ہفتہ کے روز اعلیٰ تعلیمی کونسل میں محکمہ اعلیٰ تعلیم اور عظیم پریم جی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے منعقدہ تقریب میں 2026-27 کے لیے دیپیکا اعلیٰ تعلیمی وظیفہ اسکیم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مقصد طالبات کو مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم ہونے سے بچانا ہے۔

اسکیم کے تحت انجینئرنگ، طب، بی اے، بی کام، بی ایس سی سمیت مختلف ڈگری اور اعلیٰ تعلیمی کورسز میں داخلہ لینے والی اہل طالبات کو وظیفے کا فائدہ حاصل ہوگا۔ تین سالہ ڈگری کورس مکمل کرنے والی طالبہ کو مجموعی طور پر 90 ہزار روپے، چار سالہ کورس کے لیے 1.20 لاکھ روپے جبکہ پانچ سالہ طبی کورس کے لیے تقریباً 1.50 لاکھ روپے کی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔

وزیر بسواراج رائے ریڈی نے واضح کیا کہ دیپیکا وظیفے کے لیے آمدنی کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی ہے۔ اسی طرح ذات، طبقہ یا کسی دیگر معیار کو بھی بنیاد نہیں بنایا جائے گا۔

سرکاری اسکول سے دسویں جماعت اور سرکاری پری یونیورسٹی کالج سے بارہویں جماعت کی تعلیم مکمل کرکے کسی اعلیٰ تعلیمی ادارے میں داخلہ لینے والی اہل طالبات اس اسکیم سے استفادہ کرسکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں تعلیمی سال مختلف ڈگری کالجوں میں پہلے ہی 33 ہزار سے زائد طالبات داخلہ لے چکی ہیں۔ جو اہل طالبات ابھی تک ڈگری کورس میں داخلہ نہیں لے سکی ہیں، وہ داخلہ حاصل کرکے وظیفے سے فائدہ اٹھائیں۔ پہلے مرحلے میں درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اگست مقرر کی گئی ہے۔

وزیر نے کہا کہ طالبات کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے معاشی طور پر خود کفیل بننا چاہیے۔ مردوں کی بالادستی والے معاشرے میں لڑکیوں کو کسی بھی قسم کی جھجھک کا شکار ہوئے بغیر مساوی مواقع حاصل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ صنفی مساوات کا قیام ریاستی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ اہل طالبات میں اسکیم کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کی جائے تاکہ کوئی بھی مستحق طالبہ اس موقع سے محروم نہ رہے۔

بسواراج رائے ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت طالبات کو مفت اور آسان اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کررہی ہے۔ ایم اے، ایم کام، ایم ایس سی سمیت مختلف پوسٹ گریجویٹ کورسز میں بھی طالبات کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع کو آسان بنایا گیا ہے۔

اس موقع پر محکمہ اعلیٰ تعلیم کی سکریٹری تلسی مدینینی سمیت محکمہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔


Share: