
بنگلورو، 27 مئی (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک حکومت نے کورونا وائرس کے ممکنہ دوبارہ پھیلاؤ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے صحت کے محکموں کو فوری الرٹ جاری کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر صحت، طبی تعلیم کے وزیر، اعلیٰ افسران، ماہرین صحت اور کووِڈ ٹاسک فورس کے ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تمام ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی کہ وہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز، آکسیجن سلنڈر، ادویات اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے عوام خصوصاً معمر افراد، حاملہ خواتین اور دل و پھیپھڑوں کے مریضوں کو ماسک پہننے کی ہدایت کی اور اس حوالے سے عوامی آگاہی مہم چلانے کا حکم دیا۔ اسکولوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ بخار، نزلہ یا زکام میں مبتلا بچوں کو اسکول نہ بھیجا جائے اور ایسے بچوں کو والدین کے حوالے کیا جائے۔ حاملہ خواتین کے لیے ہر اسپتال میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ انہیں اسپتالوں کے درمیان منتقل کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔
کورونا کی صورت حال کا ہفتہ وار یا ضرورت پڑنے پر تین روز میں دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور ریاست بھر میں سخت نگرانی جاری رکھی جائے گی۔ کووڈ ہیلپ لائن دوبارہ فعال کی جائے گی تاکہ عوام کو فوری رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ اگر حالات مزید خراب ہوئے تو ائرپورٹس پر بیرون ریاست آنے والوں کی اسکریننگ کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
محکمہ صحت کے عملے کو چھٹیوں پر نہ جانے اور تمام طبی مراکز پر موجود رہنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے۔ کووڈ کے نئے ویرینٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے ویکسینیشن کی تیاری مکمل رکھنے اور مرکز کی ہدایات پر عمل جاری رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔ عوامی بیداری کے لیے سوشل میڈیا پر وقتاً فوقتاً مستند معلومات فراہم کی جائیں گی۔
محکمہ صحت کے مطابق، جنوری سے مئی تک کرناٹک میں کورونا کے محدود کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مئی کے چوتھے ہفتے تک 62 نئے کیسز سامنے آئے جن میں سے صرف ایک مریض کی حالت نازک ہے۔ ریاست کے پڑوسی علاقوں کیرالہ، تمل ناڈو اور مہاراشٹر میں بھی کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اجلاس میں بچوں اور خواتین کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی اور چیف منسٹر نے تمام اضلاع کے ضلعی اسپتالوں کو مکمل تیاری کے ساتھ عوام کی خدمت کے لیے تیار رہنے کی تاکید کی۔