نئی دہلی ، 11/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات کے پیشِ نظر ملک میں ایل پی جی کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات کے درمیان آئی آر سی ٹی سی نے ریلوے اسٹیشنوں پر کیٹرنگ خدمات کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ ممکنہ گیس قلت سے نمٹنے کے لیے کیٹرنگ اسٹال مالکان کو مائیکرو ویو اور انڈکشن جیسے برقی آلات استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مسافروں کو بلا رکاوٹ کھانے پینے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ’ریڈی ٹو اِٹ‘ غذائی اشیاء کا مناسب ذخیرہ برقرار رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی آر سی ٹی سی کے ذریعہ جاری گائیڈلائن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ یہ حکم چلتی ٹرینوں کے لیے نہیں ہے، بلکہ یہ اصول صرف اسٹیشنوں پر موجود دکانوں کے لیے ہے۔ نئے اصول کے تحت ریلوے اسٹیشنوں پر چلنے والے اسٹال اور کیٹرنگ یونٹس کو اب گیس کی قلت کی وجہ سے اپنے طریقۂ کار میں تبدیلی لانی ہوگی۔
آئی آر سی ٹی سی نے واضح کیا ہے کہ ایل پی جی کی کمی سے مسافروں کی خدمات پر اثر نہیں پڑنا چاہیے۔ اس لیے مائیکرو ویو اور انڈکشن جیسے بجلی کے متبادل ذرائع کو فوری طور پر اپنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اگر کسی یونٹ میں گیس کے ذریعہ کھانا پکانا مکمل طور سے بند کر دیا جاتا ہے تو اس کی اطلاع محکمہ کو دینا لازمی کر دیا گیا ہے، تاکہ متبادل انتظامات کیے جا سکیں۔
نئے اصول کے مطابق کیٹرنگ اور اسٹال مالکان کو معیاری پی اے ڈی اور دیگر اشیائے خوردونوش کے علاوہ ’ریڈی ٹو ایٹ‘ کھانوں کی مناسب انوینٹری لیول برقرار رکھنا ہوگا۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ اگر گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے تازہ کھانا پکانا ممکن نہ ہو، تب بھی مسافروں کو کھانے کے پیکٹ آسانی سے دستیاب کرائے جا سکیں۔ توانائی کے بحران کے اس دور میں ریلوے انتظامیہ مسافروں کی سہولت کے لیے پہلے سے ہی پختہ تیاری کر رہی ہے، تاکہ اسٹیشنوں پر کھانے کی کوئی کمی نہ ہو۔