ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک حکومت اور آئی آئی ایم بنگلور وکا عالمی معیار کا فِن ٹیک پروگرام شروع، سینٹر آف ایکسیلنس قائم

کرناٹک حکومت اور آئی آئی ایم بنگلور وکا عالمی معیار کا فِن ٹیک پروگرام شروع، سینٹر آف ایکسیلنس قائم

Tue, 12 Aug 2025 11:19:07    S O News

بنگلورو، 12 /اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک حکومت نے ریاست کو عالمی سطح پر فِن ٹیک کے شعبے میں قائد بنانے کے مقصد سے آئی آئی ایم بنگلورو کے تعاون سے ’’فِن ٹیک سینٹر آف ایکسیلنس‘‘ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ منصوبہ محکمہ الیکٹرانکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بایوٹیکنالوجی کے تحت شروع کیا گیا ہے اور اس کا نفاذ آئی آئی ایم بنگلوروکے این ایس آر سی ای ایل (NSRCEL) کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔

یہ اقدام 17 دسمبر 2024 کو طے پانے والے معاہدے کے بعد عملی شکل اختیار کر گیا ہے، جس کے لیے پانچ سالہ مدت میں 13.24 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ سینٹر آف ایکسیلنس دو اہم ستونوں پر مبنی ہوگا:

1. انکیوبیشن اور مینٹورنگ– نئے اسٹارٹ اپس کو ترقی دینے اور فروغ دینے کے لیے۔
2. اسکل ڈیولپمنٹ اور ٹریننگ – مستقبل کی افرادی قوت کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے۔

اسی حکمت عملی کے تحت آئی آئی ایم بنگلور اور کرناٹک حکومت نے ’’فِن ٹیک سرٹیفکیشن پروگرام‘‘ کا بھی اعلان کیا ہے، جو IIMBx پلیٹ فارم کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے لیے 5.04 کروڑ روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے اور اس کا مقصد فِن ٹیک شعبے کے لیے انڈسٹری ریڈی پروفیشنلز تیار کرنا ہے۔

وزیر برائے آئی ٹی، بی ٹی اور دیہی ترقیات و پنچایت راج پریانک کھرگے نے کہا، *’’ہم صرف فِن ٹیک انقلاب کا حصہ نہیں بلکہ اس کا مستقبل بھی تشکیل دے رہے ہیں۔ یہ پروگرام ہمارے سب سے بڑے اثاثے یعنی عوام میں سرمایہ کاری ہے۔‘‘*

محکمہ کی سیکرٹری ڈاکٹر ایکروپ کور نے کہا کہ یہ شراکت داری حکومت، تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان ہم آہنگی کی شاندار مثال ہے، جو پائیدار جدت کی بنیاد رکھے گی۔

یہ پروگرام 9 ماہ پر مشتمل ہوگا، جس میں 6 ماہ کا فاؤنڈیشن سرٹیفکیٹ اور 3 ماہ کا ایڈوانس سرٹیفکیٹ شامل ہے۔ نصاب میں مالیاتی قوانین، بزنس اسٹریٹیجی، ادائیگیاں، قرضہ، انشورنس اور ویلتھ مینجمنٹ جیسے اہم مضامین شامل کیے گئے ہیں۔ یہ پروگرام گریجویٹس، پوسٹ گریجویٹس، کام کرنے والے پروفیشنلز اور دوبارہ کیریئر شروع کرنے والی خواتین کے لیے کھلا ہے۔

پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر جی سباری ناتھن کے مطابق نصاب کو ماہرینِ تعلیم اور صنعت کے پیشہ ور افراد نے اس انداز سے ڈیزائن کیا ہے کہ طلبہ فِن ٹیک انڈسٹری میں مختلف کردار بخوبی ادا کر سکیں۔

ابتدائی بیچ کے لیے درخواستیں 11 اگست سے 15 ستمبر 2025 تک قبول کی جائیں گی، جبکہ کلاسز اکتوبر 2025 سے شروع ہوں گی۔


Share: