ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہیمنت بسوا سرما نے دوسری بار آسام کے وزیر اعلیٰ کا لیا حلف ،چار اراکین اسمبلی کابینہ میں شامل

ہیمنت بسوا سرما نے دوسری بار آسام کے وزیر اعلیٰ کا لیا حلف ،چار اراکین اسمبلی کابینہ میں شامل

Tue, 12 May 2026 18:57:54    S O News
ہیمنت بسوا سرما نے دوسری بار آسام کے وزیر اعلیٰ کا  لیا حلف ،چار اراکین اسمبلی کابینہ میں شامل

گوہاٹی ، 12/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)ہیمنت بسوا سرما نے منگل (12 مئی) کو ایک بار پھر آسام کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا۔ آسام کے گورنر لکشمن پرساد آچاریہ نے گوہاٹی کے کھاناپارہ ویٹرنری فیلڈ میں صبح 11:40 بجے انہیں اور چار وزراء کو عہدے کا حلف دلایا۔ اس تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ سمیت بی جے پی کی حکومت والی مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور مرکزی وزراء نے بھی شرکت کی۔ اس کے ساتھ ہی ہیمنت بسوا سرما آسام کی تاریخ میں پہلے ایسے غیر کانگریسی رہنما بن گئے ہیں جنہوں نے مسلسل دوسری بار وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا ہے۔

واضح رہے کہ آسام میں یہ این ڈی حکومت کی تیسری مدت کار ہے۔ اس سے قبل 2016 میں بی جے پی کی قیادت میں پہلی بار سربانند سونووال وزیر اعلیٰ بنے تھے، جبکہ 2021 میں ہیمنت بسوا سرما نے ریاست کی کمان سنبھالی تھی۔ آج ہیمنت بسوا سرما کے ساتھ ساتھ سابق مرکزی وزیر رامیشور تیلی، آسام گن پریشد (اے جی پی) کے صدر اتُل بورا، بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ (بی او پی ایف) کے لیڈر چرن بورو اور بی جے پی لیڈر اجنتا نیوگ نے بطور وزیر حلف لیا۔

ہیمنت بسوا سرما 2015 میں کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ اس وقت آسام میں کانگریس کا دبدبہ تھا اور بی جے پی کے پاس 5 اراکین اسمبلی تھے۔ 2016 میں بی جے پی نے انہیں نارتھ ایسٹ ڈیموکریٹک الائنس (این ای ڈی اے) کا کنویز بنایا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے شمال مشرق کی علاقائی پارٹیوں کو بی جے پی کے ساتھ جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

قابل ذکر ہے آسام اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے نے مجموعی طور پر 102 سیٹوں پر جیت حاصل کر کے واضح اکثریت حاصل کر لی۔ ان میں سے بی جے پی نے 82 سیٹیں حاصل کیں، جبکہ اس کی اتحادی جماعتوں آسام گن پریشد (اے جی پی) اور بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ (بی او پی ایف) نے 10-10 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ اس طرح این ڈی اے نے ریاست میں مستحکم پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے مسلسل تیسری بار اقتدار میں واپسی کی ہے۔


Share: