بنگلورو، 21/مئی (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں کل منگل کو 36 گھنٹوں تک ہوئی مسلسل بارش کے بعد آج بدھ کو بارش میں تھوڑی کمی دیکھی گئی ہے، البتہ آج شام کو دوبارہ بارش کے زور پکڑنے کا امکان ہے اور محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ یہ تیز بارش 26 مئی تک جاری رہے گی۔
پیر اور منگل کو ہوئی زبردست بارش نے بنگلورو کی زندگی کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے۔ جس کے باعث لوگ گھٹنوں تک پانی میں چلنے پر مجبور ہوئے تھے اور کئی جگہوں پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست میں بارش سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5تک پہنچ گئی ہے۔
شہر کے علاقےسائی لے آؤٹ میں شدید بارش کی وجہ سے حالات کشیدہ ہیں، جہاں گھروں کی نچلی منزلیں آدھی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور لوگ باہر نہیں نکل پا رہے ہیں۔ پیر کو تقریباً 150 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) نے سائی لے آؤٹ کے متاثرین کے لیے کھانا اور پانی کا انتظام کیا۔
مقامی رہائشیوں نے شکایت کی ہے کہ شہری ادارےسائی لے آؤٹ کے عوام کی مشکلات کی طرف غیر حساس ہیں۔ شہر کے ہننور علاقے میں ایک یتیم خانہ بھی بارش کے شدید اثرات سے متاثر ہوا، جہاں فائر اور ریسکیو محکمہ اور ڈیزاسٹر ریسپانس فورس نے لوگوں کو بچایا۔
بنگلور وکے کئی مقامات، بشمول مانیتا ٹیک پارک اور سلک بورڈ جنکشن کے نزدیک، گھٹنوں تک پانی ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ سڑکوں پر نئے گڑھے بن گئے ہیں جو موٹرسائیکل سواروں کے لیے خطرہ ہیں۔ پانی جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیاں پھنس گئیں اور شہر کے کئی حصوں میں ٹریفک جام ہوگیا۔
پولیس کے مطابق، دو افراد بشمول 12سالہ بچہ، جو بارش کے پانی کو نکالنے کی کوشش کر رہے تھے، کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئے۔ منموہن کامتھ (63) اور دینش(12) کی ہلاکت کی تصدیق ہسپتال میں ہوئی ہے۔ دونوں کے خلاف غیر فطری موت کے رپورٹ درج کیے جائیں گے۔
اسی طرح، پیر کو ماہادیو پورہ میں ایک کمپنی کی دیوار گرنے سےششی کلا (35) جاں بحق ہو گئی۔ رائچور اور کاروار میں آندھی تیز ہو جانے سے 2 افراد ہلاک ہوئے۔
انڈیا میٹیرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) کے مطابق، بنگلورو میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں تقریباً 30 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، جبکہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات کو 105ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ ریاست کے دیگر علاقوں خاص طور پر جنوبی کرناٹک، ساحلی اور مالناڈ علاقوں میں بھی شدید بارش ہو رہی ہے۔ منگلورو میں گزشتہ 24گھنٹوں میں 90 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
آئی ایم ڈی نے بنگلور کے لیے اورنج الرٹ اور کرناٹک کے مختلف علاقوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اورنج الرٹ کا مطلب بہت زیادہ بارش (11سے 20 سینٹی میٹر) جبکہ یلو الرٹ کا مطلب بھاری بارش (6 سے 11سینٹی میٹر) ہے۔ آئی ایم ڈی کےبنگلورو سنٹر کے ڈائریکٹر این پوویاراسو نے بتایا کہ شہر کی کنکریٹ بناوٹ کی وجہ سے پانی کا نکاس متاثر ہو رہا ہے، اس لیے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے تاکہ حکام مناسب تیاری کر سکیں۔
آئندہ ۲۴ گھنٹوں میں باگلکوٹ ، بنگلورو اربن، بنگلور رورل، بیلگاوی، چکبالا پور، دھارواڑ، گدگ، کولار، کوپل، وِجے نگر اضلاع میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں آنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بجلی کی کسی بھی چیز کو فوراً بند کر دیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران گھروں میں رہیں، غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، کھلے میدانوں اور پانی کے ذخائر سے دور رہیں، اور برقی آلات کا استعمال فوری طور پر بند کر دیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔