ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک کےکولار میں تروپتی سے واپسی پر کار حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک

کرناٹک کےکولار میں تروپتی سے واپسی پر کار حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک

Tue, 08 Sep 2026 08:15:10    S O News
کرناٹک کےکولار میں تروپتی سے واپسی پر کار حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک

کولار 8/ستمبر (ایس او نیوز): آندھرا پردیش کے تروپتی میں شری وینکٹیشورا مندر کے درشن کے بعد میسور واپس لوٹ رہے ایک خاندان کے چار افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جب ان کی انووا کار کولار گولڈ فیلڈز (کے جی ایف) تعلقہ کے دُڈّاکَری گاؤں کے قریب بنگلورو-چنئی ایکسپریس وے پر ایک پتھریلے کلورٹ سے ٹکرا گئی۔ حادثہ پیر کی صبح تقریباً 7 بجے بیتھ منگل پولیس تھانے کی حدود میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت دیویندر (44)، ان کی ساس شاردھا بائی (70)، اور ان کے بچوں دیکشا (20) اور وشنو سائی (12) کے طور پر ہوئی ہے۔ چاروں کا تعلق میسور سے تھا۔ حادثے میں گاڑی میں سوار مزید تین افراد زخمی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

تروپتی سے واپسی کے دوران پیش آیا حادثہ:
اطلاع کے مطابق دو بہنوں کے خاندان تروپتی درشن کے لیے گئے تھے۔ ان میں سے ایک خاندان بنگلورو اور دوسرا میسور میں مقیم تھا۔ خاندان نے پیر کی صبح تقریباً 3 بجے تروپتی میں درشن مکمل کیا اور جلد گھر پہنچنے کی غرض سے علی الصبح ہی واپسی کا سفر شروع کردیا۔

واپسی کے دوران تقریباً 7 بجے دُڈّاکَری کے قریب ان کی گاڑی سڑک کے کنارے موجود پتھریلے کلورٹ سے جا ٹکرائی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور چار افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

ڈرائیور کو نیند آنے کا شبہ:
بیتھ منگل پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ گاڑی چلا رہے وکاس راؤ کو ڈرائیونگ کے دوران نیند کی جھپکی آگئی، جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہوکر کلورٹ سے ٹکرا گئی۔

تاہم بعض ذرائع  کے مطابق  اچانک ایک کتا سڑک پر آگیا تھا اور اسے بچانے کی کوشش میں گاڑی کا رخ تبدیل ہوا، جس کے بعد گاڑی ڈیوائیڈر/کلورٹ سے جا ٹکرائی۔

بنگلورو-چنئی ایکسپریس وے پر بڑھتے حادثات:
یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بنگلورو-چنئی ایکسپریس وے کا متعلقہ حصہ سڑک حادثات کے حوالے سے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔    پتہ چلاہے  کہ  مارچ 2025 میں ٹریفک کے لیے کھولے گئے اس ایکسپریس وے کے کولتور، ہوسکوٹے کے قریب سے بیتھ منگل تک کے حصے میں ایک درجن سے زیادہ حادثات ہوچکے ہیں، جن میں تقریباً 25 افراد کی جان جاچکی ہے۔

پولیس اور حکام کے لیے اس تازہ  حادثے نے ایک مرتبہ پھر طویل فاصلے کی ڈرائیونگ، خصوصاً رات یا علی الصبح سفر کے دوران ڈرائیوروں کی تھکن اور نیند، کے خطرے کو نمایاں کیا ہے۔ تروپتی سے صبح 3 بجے درشن مکمل کرکے واپسی کا سفر شروع کرنا اور تقریباً چار گھنٹے بعد حادثے کا پیش آنا بھی تفتیش کے اہم پہلوؤں میں شامل ہوسکتا ہے۔

بیتھ منگل پولیس نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا، مقدمہ درج کیا اور حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ 

Click here for report in English 


Share: