بنگلورو، 13 جون (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع بنگلورو رورل کے ہوسکوٹے تعلقہ میں جمعہ کی صبح ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں چار افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں دو کم سن بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
یہ افسوسناک واقعہ گوٹی پورہ گیٹ کے قریب اُس وقت پیش آیا جب آندھرا پردیش ریاستی ٹرانسپورٹ کی بس، جو تیروپتی سے بنگلورو کی طرف رواں دواں تھی، کولار-بنگلورو نیشنل ہائی وے پر ایک لاری سے پیچھے سے ٹکرا گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، بس کا ڈرائیور مبینہ طور پر نیند کے جھونکے میں اوورٹیک کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جس کے نتیجے میں بس پیچھے سے لاری سے بری طرح ٹکرا گئی۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کے ایک جانب والا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر ہوسکوٹے کے سلیکان سٹی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 8 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 44 سالہ کیشوا ریڈی، 21 سالہ تُلسی، 4 سالہ پرنیتھی، اور ایک سالہ ماریا کے طور پر کی گئی ہے، جو تمام آندھرا پردیش کے چتور ضلع کے گنگادھرا نیلور حلقہ سے تعلق رکھتے تھے۔
یہ واقعہ ہوسکوٹے ٹریفک پولیس تھانے کی حدود میں پیش آیا اور پولیس نے معاملہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
یہ حادثہ ریاست میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والے کئی خطرناک سڑک حادثات کی کڑی ہے۔ 21 مئی کو وجے پورہ ضلع میں ایس یو وی، بس اور لاری کے درمیان تصادم میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسی طرح 12 مئی کو کرناٹک میں دو الگ الگ حادثات میں بھی کئی افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ چترادرگا ضلع میں کنیوے انجنیہ مندر کے قریب انووا کار اور ٹرک کے درمیان ٹکر سے تین افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ ایک اور واقعہ میں ایک تیز رفتار ٹیمپو نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی تھی، جس میں دو افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوا تھا۔
ریاستی عوام ان لگاتار حادثات پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور متعلقہ حکام سے قومی شاہراہوں پر حفاظتی اقدامات سخت کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔