ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مقامی برادری کو بااختیار بنانا ضروری: گورنر تھاور چند گہلوت

قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مقامی برادری کو بااختیار بنانا ضروری: گورنر تھاور چند گہلوت

Sun, 25 May 2025 09:57:08    S O News

بنگلورو، 25 مئی (ایس او نیوز/ایجنسی) ریاستی گورنر تھاور چند گہلوت نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے سب سے اہم کردار مقامی برادری کا ہے۔ اگر دیہی عوام کو بااختیار بنایا جائے، انہیں تربیت دی جائے اور بیداری فراہم کی جائے تو آفات کے نقصانات کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔

گورنر جواہر لال نہرو مرکز برائے اعلیٰ سائنسی تحقیق، بنگلورو میں منعقدہ عالمی ڈزاسٹر مینجمنٹ کانفرنس سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آفات سے نمٹنے کی تربیت کا آغاز اسکولوں کی سطح سے ہونا چاہیے، جبکہ دیہی سطح پر ڈزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیاں قائم کر کے انہیں وسائل اور تربیت فراہم کی جانی چاہیے۔

گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ حکومتوں کو اپنی ترقیاتی پالیسی میں آفات سے نمٹنے کے اقدامات کو شامل کرنا ہوگا۔ انہوں نے 'بہتر طور پر دوبارہ تعمیر'  کے اصول کو اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی آفات سے نمٹنے کی تیاری اجتماعی حکمت عملی کا تقاضا کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان ترقی یافتہ ملک بننے کی سمت تیزی سے گامزن ہے، اور اس سفر میں آفات سے نمٹنے کی صلاحیت ایک کلیدی عنصر ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات آج عالمی سطح پر ایک سنگین چیلنج بن چکی ہیں، اور ان سے نمٹنے کیلئے سائنس، ٹیکنالوجی، پالیسی اور سماجی شراکت کا امتزاج ضروری ہے۔

گورنر گہلوت نے اس عالمی کانفرنس کے موضوع ’ماحولیاتی تبدیلی و آفات سے نمٹنے کے لیے ٹیکنالوجی‘ کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور کہا کہ ٹیکنالوجی جیسے آرٹیفیشل انٹیلیجنس، بگ ڈیٹا، سیٹلائٹ امیجری اور جی آئی ایس میپنگ کے استعمال سے بروقت معلومات حاصل کر کے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرونز، روبوٹکس، موبائل ایپس، ایس ایم ایس وارننگ سسٹمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے دور دراز دیہی علاقوں تک فوری انتباہ ممکن ہوا ہے۔ ساتھ ہی شجرکاری جیسے اقدامات سے ماحولیات کا تحفظ بھی کیا جا سکتا ہے۔

اس کانفرنس میں اتراکھنڈ سائنس و ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر درگیش پنتھ، جے این سی اے ایس آر کے پروفیسر اُومیش واگمار اور دیگر اہم ماہرین نے شرکت کی۔ گورنر نے نومبر میں ہونے والی عالمی ڈزاسٹر مینجمنٹ کانفرنس کو ہندوستان کے روحانی، سائنسی اور علمی وقار کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی کوشش قرار دیا۔


Share: