ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں تہواروں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم نہیں کیا جائے گا: وزیراعلیٰ سدارامیا

کرناٹک میں تہواروں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم نہیں کیا جائے گا: وزیراعلیٰ سدارامیا

Thu, 02 Oct 2025 11:20:35    S O News

بنگلورو ، 2/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)وزیراعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ دسہرا ایک عوامی تہوار ہے جس میں خوشی اور بھائی چارے کے ساتھ لوگ شریک ہوتے ہیں، اسے سیاست سے جوڑنا درست نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن لوگوں نے دسہرا کے افتتاح پر اعتراض کیا تھا، ان کے اعتراضات کو سپریم کورٹ نے بھی مسترد کردیا ہے۔

میسورو ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ اس مرتبہ دسہرا تقریبات میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہورہی ہے۔ ایئر شو، ڈرون شو، روشنیوں کی سجاوٹ اور دیگر پروگرام عوام کو بے حد پسند آرہے ہیں۔ عوام کی خوشی اور ان کی بھرپور شرکت ہی اس تہوار کی اصل کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میسورو میں پہلے سے ہی چامنڈیشوری ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ایگزیبیشن اتھارٹی موجود ہیں، اس لیے الگ سے دسہرا اتھارٹی کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ ان کی ذاتی رائے ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دسہرا کے افتتاح پر جن لوگوں نے اعتراض کیا وہ دراصل دستور (آئین) کی سمجھ سے عاری ہیں۔

کرناٹک ایک جمہوری اور سیکولر ریاست ہے، یہاں مذہب کی بنیاد پر سیاست یا تہواروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔جب صحافیوں نے دریافت کیا کہ عوام کی جانب سے افتتاح پر کیا ردعمل رہا، تو سدارامیا نے کہا کہ عوام، تاجروں اور ہر طبقے کے لوگوں نے پورے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

اپوزیشن کی اس پیشگوئی پر کہ اس سال وزیراعلیٰ پُشپ آرچنا نہیں کریں گے، سدارامیا نے طنزیہ لہجے میں کہا کہ اپوزیشن والے نجومی نہیں ہیں۔ وہ حقیقت جانے بغیر صرف باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "میں آئندہ برسوں میں بھی دسہرا اُتسو میں پُشپ آرچنا انجام دیتا رہوں گا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ کبھی کہا گیا تھا کہ وہ دوسری مرتبہ وزیراعلیٰ نہیں بن پائیں گے اور بجٹ پیش نہیں کرسکیں گے، لیکن وہ دوبارہ وزیراعلیٰ منتخب ہوئے اور کامیابی کے ساتھ بجٹ بھی پیش کیا۔

سرکاری ملازمین کے ڈی اے (مہنگائی بھتہ) کے بقایا جات پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جیسے ہی مرکزی حکومت ڈی اے جاری کرے گی، ریاستی حکومت بھی اپنے ملازمین کو بھتہ فراہم کرے گی۔


Share: