ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / خان سر کو فی الحال راحت، گرفتاری پر پابندی میں 3 جولائی تک توسیع

خان سر کو فی الحال راحت، گرفتاری پر پابندی میں 3 جولائی تک توسیع

Wed, 01 Jul 2026 10:32:33    S O News

 پٹنہ ، یکم جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی ) منگل کو پٹنہ کے سو ِل کورٹ نے خان سر کی گرفتاری پر روک میں ۳؍ جولائی تک توسیع کردی ہے۔ خان سر کے نام سے مشہور فیصل خان پر ان کے کوچنگ سینٹر پر حریف روشن آنند کے حامیوں کے حملے کےوقت گارڈ کی گولی چلا کر بھیڑ کو بھگانے کی کوشش پر کیس درج کرلیا گیا ہے۔ اس کے بعد  سے خان سرضمانت کیلئے کورٹ کے دھکے کھارہے ہیں۔

منگل کو عدالت نے ان کی پیشگی ضمانت کی عرضی پر سماعت ۳؍ جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے تفتیشی حکام سے مزید دستاویز طلب کئے اور گرفتاری پر روک کو برقرار رکھا۔

عدالت نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس مقدمے کی تازہ کیس ڈائری کے ساتھ فیصل خان کے ذاتی محافظوں کے اسلحہ لائسنس کی تصدیقی رپورٹ بھی پیش کرے۔عدالت نے کہا کہ مطلوبہ دستاویزات ریکارڈ پر آنے کے بعد ہی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر مزید غور کیا جائے گا۔ اس وقت تک خان سر کو گرفتاری سے عبوری تحفظ حاصل رہے گا۔  پولیس کے مطابق۲؍ جون کی رات خان سرکے کوچنگ سینٹر پر حملے کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی، جس کے نتیجے میں علاقے میں توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آئے۔پولیس کو یہ شکایات بھی موصول ہوئی  ہےکہ واقعہ کے دوران ہوا میں فائرنگ کی گئی۔ الزام ہے کہ فیصل خان کے ذاتی سیکوریٹی اہلکاروں نے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے اور ہجوم کو ڈرانے کیلئے فائرنگ کی تھی۔واقعے کے بعد پٹنہ پولیس نے فیصل خان، روشن آنند، ان کے سکوریٹی اہلکاروں اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔


Share: