ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / نیٹ امتحان تنازع: کانگریس کا مرکز پر طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کا الزام

نیٹ امتحان تنازع: کانگریس کا مرکز پر طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کا الزام

Tue, 23 Jun 2026 12:42:14    S O News

نئی دہلی ، 23/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)نیٹ کے دوبارہ امتحان سے متعلق تنازع کرناٹک میں ایک بڑے سیاسی تصادم کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ کانگریس نے بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت پر امتحان میں پیش آنے والی بے ضابطگیوں کی ذمہ داری سے بچنے کا الزام عائد کیا ہے۔کرناٹک کانگریس کے کارگزار صدر اور قانون ساز کونسل میں قائد حزب اختلاف بی کے ہری پرساد نے پیر کو مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمراں جماعت مسابقتی امتحانات کے انعقاد میں ہونے والی کوتاہیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ’الزام تراشی کی سیاست‘ کر رہی ہے۔

بنگلورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے نیٹ جیسےامتحانات کے انعقاد کے حوالے سے مرکز کی تیاریوں پر سوال اٹھائے اور پیپر لیک اور انتظامی ناکامیوں کے بار بار سامنے آنے والے الزامات پر گہری تشویش ظاہر کی۔ان کا کہنا تھا کہ کانگریس نے امتحان کے پُرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے اور طلبہ کی مشکلات کم کرنے کیلئے مقامی سطح پر تمام ضروری احتیاطی اقدامات کئے تھے لیکن مرکزی حکومت امتحانی نظام کی خامیوں کو دور کرنے میں ناکام رہی۔انہوں نے الزام لگایا کہ ’’ہم نے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی تھیں۔ اگر ایسا نہ کرتے تو ہزاروں طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔ بی جے پی نے کیا اقدامات کیے؟ یہ صرف سیاسی الزام تراشی کا کھیل ہے۔ وہ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ کانگریس نے بنگلور میں دوبارہ امتحان کے دوران ٹریفک کو منظم رکھنے اور طلبہ کو امتحانی مراکز تک بغیر کسی پریشانی کے پہنچانے کیلئے پولیس حکام اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ رابطہ قائم رکھا تھا۔ انہوں نے یو پی ایس سی اور سی بی ایس ای امتحانات سے متعلق ماضی کے تنازعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کا بار بار رونما ہونا امتحانی نظام میں گہری ساختی کمزوریوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے سوال کہ اب تک جوابدہی کیوں طے نہیں کی گئی؟

ہری پرساد نے اعلان کیا کہ کانگریس ان طلبہ کی شکایات کی جانچ کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے گی جنہیںسینٹر تک پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں۔  انہوں نے ضرورت پڑنے پر متاثرہ طلبہ کو مدد اور معاوضہ فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ان حالات کی وجہ سے کسی بھی طالب علم کو نقصان یا پریشانی ہوئی ہے تو ہم اس کی مکمل جانچ کریں گے۔ طلبہ کو درپیش مسائل کو سمجھنے کیلئے ٹیم بھیجی جائے گی اور اگر معاوضے کی ضرورت محسوس ہوئی تو وہ بھی فراہم کیا جائے گا۔


Share: