ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ناگپور میں کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج، ابھیجیت دپکے کے بیان پر نعرے بازی سے ہنگامہ

ناگپور میں کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج، ابھیجیت دپکے کے بیان پر نعرے بازی سے ہنگامہ

Wed, 17 Jun 2026 18:43:19    S O News
ناگپور میں کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج، ابھیجیت دپکے کے بیان پر نعرے بازی سے ہنگامہ

ناگپور، 17/جون (ایس او نیوز /ایجنسی) کاکروچ جنتا پارٹی نیٹ پیپر لیک معاملہ اور امتحانات میں بے قاعدگیوں  کی بنا پر  مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیلئے ملک بھر میں احتجاج کر رہی ہے۔ اسی سلسلے کے تحت کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھجیت دپکے کی قیادت میں منگل کو ناگپور میں ایک بڑ ا  احتجاج کیا گیا تھی۔   یہ احتجاج شام ۴؍بجے شہر کے سنویدھان چوک پر منعقد کیا گیا۔ جے پور میں ابھجیت دپکے پر ہوئے حملے کے بعد  بڑی تعداد میں لوگ ناگپور میں جمع ہو ئے۔ اس کے پیش نظر پولیس نے پہلے ہی شہر میں سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔ دو فسادات کنٹرول پلاٹون (آر سی پی) کو بھی اسٹینڈ بائی پر رکھا گیا تھا اور پولیس کمشنر رویندر کمار سنگل نے کہا تھا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

 احتجاج کے دوران خطاب کرتے ہوئےکاکروچ جنتا پارٹی  ابھجیت دپکے نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نیٹ اور دیگر مسابقتی امتحانات کے پرچوں کے لیک ہونے سے غریب اور محنتی خاندانوں کے ہونہار طلبہ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ دپکے نے سنگین الزام لگایا کہ طلبہ اس کمزور اور بدعنوان تعلیمی نظام کی وجہ سے مایوس ہوکر خودکشی نہیں کر رہے ہیں، بلکہ یہ حکومت کی طرف سے کیا گیا ایک قسم کاقتل  ہے۔ انہوں نے کہا کہ  امتحان میں گڑبڑی کی وجہ سے خودکشی کرنے والی ناگپور کی طالبہ آکانکشا اور راجستھان کے طالب علم پردیپ میگھوال کے اہل خانہ کی حالت ابتر ہوگئی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ حکومت رکن اسمبلی کو خریدنے کیلئے  ۵۰؍ کروڑ خرچ کرسکتی ہیں، تو کیا ان  مہلوکین کے ورثاءکو ایک کروڑ روپے نہیں دے سکتی؟  انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو ملک کے بدحال تعلیمی نظام کی ذمہ داری لیتے ہوئے فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ سپریم کورٹ کے   تبصرہ کا حوالہ دیتے ہوئے دپکے نے کہا کہ اگر ملک کے نوجوانوں کو  بدعنوان نظام کیڑے یا کاکروچ  سمجھتے ہیں تو ہم نے اس شناخت کو قبول کرلیا ہے۔ کاکروچ وہاں رہتے ہیں جہاں گندگی ہوتی ہے اسلئے اس نظام میں کرپشن کی گندگی کو صاف کرنے کا کام اب نوجوان ہی کریں گے۔ ملک کی تمام ریاستوں کے طلبہ بدعنوانی اور بے روزگاری کے خلاف ۲۰؍جون کو دہلی میں  اکٹھے ہوں گے۔ انہوں نے ناگپور کے باشندوںسے اپیل کی کہ وہ اس ’دہلی چلو‘ تحریک میں بڑی تعداد میں شرکت کریں۔

ابھجیت کے خطاب کے دوران کچھ نوجونوں نے بدامنی پھیلانے کی کوشش کی۔انہوں نے جے شری رام کے نعرے لگائے۔ اس کی وجہ سے کچھ دیر کیلئے ماحول کشیدہ ہوگیا تھا۔ تاہم پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے نعرے بازی کرنے والوں کو باہر نکال کر حالات کو قابو میں کیا۔ نعرےلگانے والے یہ کہہ رہے تھے کہ ہم وزیر اعظم و وزیر اعلیٰ کی حمایت میں یہاں آئے ہیں۔  پولیس نے کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہونے دیا ۔


Share: