بنگلورو، 29 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی): وزیر اعلیٰ کرناٹک جناب سدارامیا یکم اگست کو دہلی کے دورہ پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ دو اہم قومی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ ان کے اس دورے کا مقصد نہ صرف ریاست کرناٹک کو ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے میدان میں فروغ دینا ہے بلکہ سماجی انصاف جیسے حساس موضوع پر اپنا مؤقف بھی پیش کرنا ہے۔
وزیر اعلیٰ یکم اگست کی شام دہلی پہنچیں گے اور شام 6 بجے دہلی کے معروف آئی ٹی سی موریا ہوٹل میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی پروگرام "برِج ٹو بنگلورو" میں شرکت کریں گے۔ یہ پروگرام محکمہ اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں مختلف ممالک کے سفارت کار، تکنیکی ماہرین اور سرمایہ کار شریک ہوں گے۔ اس پروگرام کا مقصد بنگلور واور کرناٹک کو عالمی سطح پر تکنیکی، اختراعی اور سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر پیش کرنا ہے۔
اس کے بعد وزیر اعلیٰ سدارامیا 2 اگست کی صبح دہلی کے وگیان بھون میں "سماجی انصاف: ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نظریات کی روشنی میں" کے عنوان سے منعقدہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی (AICC) کے قومی سیمینار میں شرکت کریں گے۔ اس اہم نشست میں کانگریس کے صدر جناب ملیکارجن کھرگے، راہل گاندھی اور دیگر اعلیٰ قیادت موجود رہے گی۔
اس سیمینار کے دوران وزیر اعلیٰ صبح 11:30 بجے "سماجی انصاف" کے موضوع پر خطاب کریں گے، جس میں وہ ڈاکٹر امبیڈکر کے نظریات، موجودہ سماجی و سیاسی حالات، اور کرناٹک حکومت کی فلاحی اسکیمات و اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔