ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بی جے پی سروے روک کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے: سدارامیا

بی جے پی سروے روک کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے: سدارامیا

Tue, 30 Sep 2025 11:56:50    S O News

بنگلورو ، 30/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی  ) وزیراعلیٰ سدارامیا نے سماجی، اقتصادی اور تعلیمی سروے کے مسئلے پر بی جے پی رہنماؤں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ریاستی حکومت نے یہ سروے شروع کیا، "سب کا ساتھ سب کا وکاس" کا نعرہ لگانے والوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آگیا ہے۔

آج وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی قائدین ایک کے بعد ایک سامنے آکر سروے کے بائیکاٹ کی اپیل کر رہے ہیں اور عوام کے سامنے رسوا ہورہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ سروے کسی ایک ذات یا مذہب تک محدود نہیں بلکہ ریاست کے سات کروڑ عوام کا سماجی، تعلیمی اور معاشی سروے ہے، جس کا مقصد کسی کے خلاف نہیں بلکہ سب کے حق میں ہے۔

سدارامیا نے کہا کہ "سروے کا مقصد سماجی، تعلیمی اور معاشی برابری قائم کرنا اور سب کو برابر کے مواقع اور نمائندگی دینا ہے۔ لیکن بی جے پی رہنماؤں کے اندرونی منووادی ذہنیت یہ چاہتی ہے کہ غریب ہمیشہ غریب رہے، پسماندہ طبقے پسماندہ ہی رہیں اور خواتین کو مواقع سے محروم رکھا جائے۔"

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اس سروے سے نہ صرف دلت، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی صورتحال سامنے آئے گی بلکہ آگے بڑھی ہوئی ذاتوں کے اندر موجود غریب اور محروم طبقات کی حقیقت بھی عیاں ہوگی۔ یہی وہ سچائی ہے جسے بی جے پی برداشت نہیں کرنا چاہتی۔

انہوں نے بی جے پی کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کرناٹک میں ذات پر مبنی سماجی، تعلیمی و اقتصادی سروے کی مخالفت کرتے ہیں تو انہیں مرکز میں مودی حکومت کے اسی قسم کے سروے کی بھی مخالفت کرنی چاہیے۔ "کیا آپ وزیراعظم کے سامنے کھڑے ہوکر یہ کہنے کی ہمت رکھتے ہیں؟ اگر نہیں تو پھر کرناٹک کے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کیوں کر رہے ہیں؟"

سدارامیا نے عوام سے اپیل کی کہ بی جے پی کی "سیاسی طور پر محرک اور عوام دشمن بیان بازی" کو کچرے کے ڈبے میں ڈالیں اور سماجی و اقتصادی سروے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ایک منصفانہ اور مساوی سماج کی تعمیر ہو سکے۔


Share: