ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / تمام مطالبات منظور،کاکروچ جنتا پارٹی نے 37 روزہ احتجاج ختم کرنے کا کیا اعلان

تمام مطالبات منظور،کاکروچ جنتا پارٹی نے 37 روزہ احتجاج ختم کرنے کا کیا اعلان

Sat, 25 Jul 2026 20:08:43    S O News
تمام مطالبات منظور،کاکروچ جنتا پارٹی  نے 37 روزہ احتجاج ختم کرنے کا کیا اعلان

نئی دہلی ، 25/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی)کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے ۳۷؍ روز سے جاری اپنے جنتر منتر احتجاج کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کے ساتھ تین ادوار کے مذاکرات کے بعد ان کے باقی اہم مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں۔ تنظیم کے لیڈروں نے کہا کہ احتجاج کے دوران اٹھائے گئے بیشتر نکات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، جس کے بعد دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نئی دہلی میں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں حکومت اور سی جے پی کے نمائندوں نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے ایک پانچ نکاتی چارٹر پر اتفاق کیا ہے، جس کی بنیاد پر آگے اصلاحاتی اقدامات کیے جائیں گے۔ حکومتی وفد کی قیادت کرنے والے بی جے پی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ حکومت احتجاج کرنے والے نوجوانوں کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور متفقہ نکات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

سی جے پی کے مطابق حکومت نے ان کے دو بڑے مطالبات پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے، جن میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ اور احتجاج کے دوران مظاہرین کے خلاف درج ایف آئی آرز واپس لینے کا فیصلہ شامل ہے۔ مشترکہ بیان کے مطابق احتجاج سے متاثرہ افراد کو معاوضہ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ تنظیم نے کہا کہ اگرچہ دھرنا ختم کیا جا رہا ہے، لیکن امتحانی نظام میں شفافیت، احتساب اور اصلاحات کے لیے ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ سی جے پی کے لیڈروں نے واضح کیا کہ وہ حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد پر بھی نظر رکھیں گے۔

یہ احتجاج گزشتہ ماہ NEET کے مبینہ پرچہ لیک اور امتحانی نظام میں اصلاحات کے مطالبے کے ساتھ شروع ہوا تھا۔ اس دوران جنتر منتر سمیت کئی مقامات پر بڑے مظاہرے ہوئے، متعدد افراد زخمی ہوئے، پولیس کارروائیاں ہوئیں اور معاملہ قومی سیاست کا اہم موضوع بن گیا۔ بعد ازاں حکومت اور احتجاجی قیادت کے درمیان کئی دور کی بات چیت کے بعد تعطل ختم ہوا اور بالآخر احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔


Share: