ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / گیس سبسیڈی میں کمی پر کانگریس کا حکومت پر حملہ، اجولا یوجنا کے فوائد محدود کرنے کا الزام

گیس سبسیڈی میں کمی پر کانگریس کا حکومت پر حملہ، اجولا یوجنا کے فوائد محدود کرنے کا الزام

Tue, 09 Jun 2026 11:50:38    S O News

نئی دہلی ، 9/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے والوں کو آج ایک بار پھر بری خبر ملی ہے۔ معاملہ ’پردھان منتری اُجولا یوجنا‘ سے جڑا ہوا ہے، جس کی تعداد میں کمی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے والے طبقہ کو سال میں جو 9 سلنڈر سبسیڈی کے ساتھ ملتے تھے، اب اس کی تعداد گھٹا کر 4 کر دی گئی ہے۔ یہ خبر سامنے آتے ہی کانگریس نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’مہنگائی مین مودی نے پھر چابک چلایا۔‘‘

سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے عوام کو یاد دلایا ہے کہ اُجولا یوجنا کے تحت پہلے سال میں 12 سبسیڈی والے ایل پی جی سلنڈر لوگوں کو سالانہ ملتے تھے، جو اب گھٹ کر 4 ہو گئے ہیں۔ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’اب اُجولا یوجنا میں صرف 4 سبسیڈی والے ایل پی جی سلنڈر ملیں گے۔ پہلے سبسیڈی والے 12 سلنڈر ملتے تھے، جسے گھٹا کر 9 کیا گیا اور اب اسے 4 سلنڈر کر دیا گیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’مودی نے پہلے ہی ایل پی جی سلنڈر پر سبسیڈی ختم کر دی ہے، وہ سبسیڈی جو کانگریس کی حکومت میں سب کو ملا کرتی تھی۔‘‘

کانگریس نے اس سوشل میڈیا پوسٹ کے آخر میں مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’غریب عوام تڑپ رہی ہے، لیکن مودی کی وصولی جاری ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ کانگریس مہنگائی کے محاذ پر لگاتار مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے، خاص طور پر روزانہ کسی نہ کسی چیز کے مہنگا ہونے پر سوشل میڈیا کے ذریعہ مرکزی حکومت پر حملہ کیا جاتا رہا ہے۔ آج ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ بھلے ہی نہیں ہوا ہے، لیکن سبسیڈی والے سلنڈر کی کمی غریبوں کے لیے ایل پی جی سلنڈر مہنگا ہونا ہی ہے۔

واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے ’پی ایم یو وائی‘ (پردھان منتری اُجولا یوجنا) کے اصولوں میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے سالانہ سبسیڈی والے ایل پی جی سلنڈر کی ریفل کی تعداد 9 سے گھٹا کر 4 کر دی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اُجولا یوجنا کے تحت آنے والے کنبوں کو سال میں محض 4 سلنڈرز پر ہی اضافی سبسیڈی کا فائدہ مل سکے گا۔ خبر رساں ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے پیر کے روز اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ یہ تبدیلی اوسط گھریلو مصرف کو توجہ میں رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ 2016 میں شروع ہوئے اس منصوبہ کے تحت پہلے استفادہ کنندہ کو سال میں 14.2 کلوگرام کے 12 سلنڈر سبسیڈی پر ملتے تھے۔ پھر پچھلے سال سبسیڈی والے سلنڈر کی تعداد گھٹا کر 9 کر دی گئی تھی، جسے اب مزید گھٹا کر 4 کر دی گئی ہے۔

غور طلب بات یہ ہے کہ پٹرولیم و قدرتی گیس کی وزارت میں ایڈیشنل سکریٹری پروین مل کھنوجا کے مطابق ترمیم شدہ حد اُجولا استفادہ کنندگان کی اوسط سالانہ گیس خرچ کے قریب ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد استفادہ کنندگان کی ضرورت کو توجہ میں رکھتے ہوئے حمایت دینا ہے۔ حکومت نے مئی 2022 میں اُجولا یوجنا کے استفادہ کنندگان کے لیے فی سلنڈر 200 روپے کی ہدف پر مبنی سبسیڈی شروع کی تھی، جسے بعد میں اکتوبر 2023 میں بڑھا کر 300 روپے کر دیا گیا تھا۔


Share: