ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بینگلورو : بی جے پی نے پارٹی مخالف سرگرمیوں کے لئے ایم ایل اے شیورام ہیبار اور سوم شیکھر کو 6 سال کے لئے پارٹی سے کردیا برطرف

بینگلورو : بی جے پی نے پارٹی مخالف سرگرمیوں کے لئے ایم ایل اے شیورام ہیبار اور سوم شیکھر کو 6 سال کے لئے پارٹی سے کردیا برطرف

Tue, 27 May 2025 17:22:30    S O News
بینگلورو : بی جے پی نے پارٹی مخالف سرگرمیوں کے لئے ایم ایل اے شیورام ہیبار  اور سوم شیکھر کو 6 سال کے لئے  پارٹی  سے کردیا برطرف

بینگلورو 27 / مئی (ایس او نیوز) بی جے پی کی کرناٹکا یونٹ نے بالآخر ایم ایل اے شیو رام ہیبار اور ایس ٹی سوم شکھر کے تعلق سے فیصلہ کن اقدام کرتے ہوئے پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں دونوں کو چھ سال کے لئے پارٹی سے خارج کر دیا ۔
    
بی جے پی کے ریاستی صدر بی وائی وجیندرا نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی کی ہائی کمان سے سیر حاصل گفتگو کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔ شیورام ہیبار اس وقت یلاپور سے بی جے پی کے رکن اسمبلی ہیں جبکہ سوم شیکھر یشونت پور سے اسمبلی میں پارٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔
    
خیال رہے کہ یہ دونوں اس سے قبل کانگریس پارٹی میں شامل تھے اور پھر 2019 میں بی جے پی کے ساتھ مل کر کانگریس - جے ڈی ایس کی مخلوط حکومت گرانے اور بی جے پی کو برسراقتدار لانے میں  اہم کردار ادا کیا تھا ۔ اس کے بعد دونوں باضابطہ طور پر بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے ۔
    
پچھلے کچھ عرصے سے ہیبار اور سوم شیکھر دونوں ہی بی جے پی میں رہنے کے باوجود کانگریس پارٹی کی طرف اپنا جھکاو دکھا رہے تھے اور موجودہ کانگریسی حکومت کی حمایت کرتے نظر آ رہے تھے ۔ پچھلے اسمبلی الیکشن کے موقع پر شیو رام ہیبار کے بی جے پی کو چھوڑ کر کانگریس میں واپس آنے کی خبر بھی گرم تھی ۔ حالانکہ اُس وقت ایسا ہوا نہیں مگر الیکشن کے دوران شیو رام ہیبار کی طرف سے بی جے پی امیدوار کے لئے میدان میں اتر کر کام کرنے یا پارٹی کی سرگرمیوں میں متحرک رہنے کی بات بھی دیکھنے کو نہیں ملی تھی۔ اس سے یقین ہو گیا تھا کہ وہ کسی نہ کسی روز بی جے پی سے باہر نکل آئیں گے ۔ 
    
اب ان دونوں اراکین اسمبلی کی حرکتوں اور رویے کو دیکھتے ہوئے خود بی جے پی نے انہیں چھ سال کے لئے باہر کا راستہ دکھا دیا ہے ۔ اس وجہ سے دوبارہ کانگریس پارٹی میں ان کے داخلے کے امکانات صاف نظر آ رہے ہیں ۔ 


Share: