ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بیدر: "شکتی یوجنا" کے تحت خواتین کا مفت سفر، یومیہ 1.14 لاکھ خواتین مستفید

بیدر: "شکتی یوجنا" کے تحت خواتین کا مفت سفر، یومیہ 1.14 لاکھ خواتین مستفید

Tue, 15 Jul 2025 11:15:41    S O News

بیدر، 15 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی):ریاستی حکومت کی جانب سے خواتین کو مفت بس سفر کی سہولت فراہم کرنے والی "شکتی یوجنا" اسکیم نہ صرف خواتین کی خودمختاری کو فروغ دے رہی ہے بلکہ انہیں معاشی طور پر مستحکم بنانے میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع گارنٹی عملدرآمد کمیٹی کے صدر جناب امرت راو چمکوڑے نے پیر کو بیدر کے مرکزی بس اسٹینڈ میں منعقدہ ایک خصوصی پروگرام کے دوران کیا۔

یہ پروگرام ریاست میں "شکتی یوجنا" کے تحت 500 کروڑ خواتین کے مفت سفر کی تکمیل پر منعقد کیا گیا تھا، جہاں پوجا کی گئی اور مٹھائیوں کی تقسیم کے ذریعہ اس کامیابی کا جشن منایا گیا۔

امرت راو چمکوڑے نے کہا کہ اس اسکیم کے ذریعہ خواتین سیاحتی، مذہبی اور تجارتی مقامات کا سفر آسانی سے کر پا رہی ہیں اور سفر پر خرچ ہونے والی رقم کی بچت کر کے اسے اپنی روزمرہ ضروریات میں استعمال کر رہی ہیں، جس سے وہ مردوں پر انحصار کیے بغیر خود کفیل بن رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 9 جولائی تک ریاست کی چار سرکاری ٹرانسپورٹ کارپوریشنز کے ذریعہ 500 کروڑ خواتین نے مفت بسوں میں سفر کیا ہے، جس سے مجموعی طور پر 12,669 کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔10 جولائی تک صرف کلبرگی ڈویژن اور وجےپور سمیت 72 کروڑ خواتین نے سفر کیا جس سے 2,532 کروڑ روپے کی بچت ریکارڈ کی گئی۔بیدر ضلع میں اب تک 8.65 کروڑ خواتین مفت سفر کر چکی ہیں، جس سے 249 کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے۔ ضلع میں روزانہ اوسطاً 1.14 لاکھ خواتین اس اسکیم سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

ضلع ڈپٹی کمشنر محترمہ شلپا شرما نے پروگرام میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ "شکتی یوجنا" کی بدولت خواتین کی نقل و حرکت میں اضافہ ہوا ہے اور وہ اب خود اعتمادی کے ساتھ آزادانہ طور پر سفر کر رہی ہیں۔ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر گریش بدولے نے بھی اسکیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بسوں میں سفر کرنے والی خواتین کے چہروں پر خوشی اور اطمینان دیکھا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر میونسپل کونسل کے صدر جناب محمد غوث، ضلع گارنٹی کمیٹی کی نائب صدر محترمہ پوجا جارج، ڈویژنل کنٹرولر چندرکانت پلےکر، ڈویژنل ٹریفک آفیسر اندر سین ایم بیرادر، بیدر تعلقہ گارنٹی کمیٹی کے صدر ایم ڈی ریاض، نائب صدر راج کمار مڈیگے اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔


Share: