بینگلورو ، 10 / اگست (ایس او نیوز) شہر کے بس اسٹینڈ پر دھماکہ خیز مادے کی تھیلی بازیافت ہونے کے معاملے میں خلاصی پالیہ پولیس نے دو اور ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے ساتھ اس معاملے میں گرفتار ملزمین کی تعداد پانچ ہوگئی ہے ۔
پولیس کے بیان کے مطابق گرفتار شدگان کا نام شیوا کمار (31 سال) اور نوین (33 سال) ہے اور یہ دونوں ملزمین کولار کے رہنے والے ہیں ۔ ان ملزمین نے جس شخص سے یہ دھماکہ خیز جلیٹین اسٹکس (ڈائنامائٹ) حاصل کیے تھے اس کی نشاندہی کر لی گئی ہے ۔ ان لوگوں نے اپنے جرم کا اقرار کرتے ہوئے بتایا ہے جلیٹین کی یہ چھڑیاں غیر قانونی طور پر چٹانوں کو توڑ کر پتھر نکالنے اور کنویں کھودنے کا کام کرنے والوں کو فروخت کرنے کے لئے خریدی تھیں ۔ اور اس سے قبل بھی انہوں نے بعض لوگوں کو یہ دھماکہ خیز مادہ فروخت کیا ہے ۔
خیال رہے کہ پولیس نے 23 جولائی کو خلاصی پالیہ میں واقع بی ایم ٹی سی بس اسٹینڈ کے بیت الخلاء میں چھ جلیٹین اسٹکس اور بارہ ڈیٹونیٹرس سے بھری تھیلی بازیافت ہونے کے معاملے میں کیس درج کیا تھا ۔ اس معاملے میں پولیس نے اس سے قبل مُنی راج اور شیوا کمار نامی دو ملزمین کو گرفتار کیا تھا ۔ ان سے تفتیش کے دوران پتہ چلا تھا کہ ملزمین نے خاکی یونیفارم پہنے ہوئے بی ایم ٹی سی بس اسٹاف کو دیکھ کر پولیس ہونے کا گمان کیا تھا اور دھما کہ خیز مادے والی تھیلی غلطی بس اسٹینڈ پر چھوڑ دی تھی ۔