ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بارش سے متاثرہ علاقوں کا وزیراعلیٰ و نائب وزیراعلیٰ کا معائنہ، ہلاک خاتون کے اہل خانہ کو 5 لاکھ کی امداد

بارش سے متاثرہ علاقوں کا وزیراعلیٰ و نائب وزیراعلیٰ کا معائنہ، ہلاک خاتون کے اہل خانہ کو 5 لاکھ کی امداد

Tue, 20 May 2025 17:54:32    S O News
بارش سے متاثرہ علاقوں کا وزیراعلیٰ و نائب وزیراعلیٰ کا معائنہ، ہلاک خاتون کے اہل خانہ کو 5 لاکھ کی امداد

بنگلورو، 20/ مئی (ایس او نیوز) حالیہ موسلا دھار بارش کے بعد پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے بنگلورو کے مختلف متاثرہ علاقوں کا مختصر دورہ کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شام کے وقت سڑکوں پر ٹریفک کی بھیڑ ہونے کے باعث محدود علاقوں کا ہی معائنہ ممکن ہوسکا۔

انہوں نے بتایا کہ 21 مئی کو صبح سے شام تک نائب وزیراعلیٰ اور بنگلورو کے تمام مقامی ارکان اسمبلی کے ہمراہ تفصیلی دورہ کیا جائے گا، جس کے دوران نشیبی اور پانی بھرے علاقوں میں عوامی مسائل سنے جائیں گے اور افسران کو فوری کارروائی کے لیے ضروری ہدایات دی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ سدارامیا نے شہر میں سیلابی صورتحال کی اصل وجہ راجکالووں پر تجاوزات اور نالیوں کی ناقص حالت کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی نالیاں یا تو مکمل بند ہوچکی ہیں یا مٹی سے بھر جانے کے سبب پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ بلدیہ کو کئی مرتبہ صفائی اور مرمت کے لیے ہدایات دی جا چکی ہیں۔ ان کے مطابق شہر میں تقریباً 860 کلومیٹر لمبے راجکالوں میں سے 491 کلومیٹر پر حفاظتی دیوار کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے، جب کہ 195 کلومیٹر پر کام جاری ہے اور 173 کلومیٹر پر ورلڈ بینک کی مدد سے کام کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ جب تک یہ تمام کام مکمل نہیں ہوتے، سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے مسئلے پر قابو پانا ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے 210 نشیبی علاقوں میں سے 166 پر کام مکمل کیا جا چکا ہے، باقی 44 علاقوں میں وقتی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں 24 مقامات پر اب بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاموں کی تکمیل کے بعد شہریوں کو ہر سال بارش کے دوران درپیش مسائل میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔ وائٹ فیلڈ میں بارش کے سبب ایک خاتون کی ہلاکت پر حکومت نے متاثرہ خاندان کو 5 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت قانون کے تحت سب کے ساتھ برابر سلوک کرتی ہے، چاہے وہ امیر ہو یا غریب۔ مزید بتایا گیا کہ اب تک 4292 تجاوزات کی نشاندہی ہوئی ہے، جن میں سے 2326 مقامات سے تجاوزات ہٹائی جا چکی ہیں اور باقی جگہوں پر کارروائی جاری ہے۔

اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر کے 132 ایسے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں راجکالوے متاثر ہو رہے ہیں۔ ان میں سے اب تک 82 مقامات پر مرمتی اور نکاسی آب کے کام مکمل کر لیے گئے ہیں، جب کہ بقیہ مقامات پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سِلک بورڈ، ہیبّال جنکشن اور دیگر متاثرہ علاقوں میں حالیہ دنوں شدید بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے سبب پانی جمع ہونے کے مسائل پیش آئے۔ ریلوے محکمے کے اشتراک سے ان علاقوں میں نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

نائب وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ تیز ہوا اور بارش کے باعث کئی مقامات پر درخت گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں، جن کی فوری صفائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ آمدورفت میں رکاوٹ پیدا نہ ہو اور شہریوں کو سہولت میسر رہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت تمام متاثرہ علاقوں میں فوری کارروائی کر رہی ہے تاکہ بارش سے پیدا ہونے والے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

اس سے پہلے وزیراعلیٰ سدارامیا نے بی بی ایم پی کے وار روم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ افسران سے بارش سے متاثرہ علاقوں کی تازہ صورتحال پر تفصیلی رپورٹ حاصل کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی، سڑکوں کی صفائی اور درختوں کی کٹائی جیسے کاموں کو فوری طور پر انجام دیا جائے تاکہ عوام کو مزید پریشانی نہ ہو۔ اس اجلاس میں نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، شہری ترقیات کے وزیر کے جے جارج، چیف سکریٹری ڈاکٹر شالنی رجنیش اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔

1002139204.jpg

Share: