ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو میں 11,346 ضبط شدہ گاڑیوں کی منتقلی شروع، 7 مقامات پر 26 ایکڑ زمین فراہم

بنگلورو میں 11,346 ضبط شدہ گاڑیوں کی منتقلی شروع، 7 مقامات پر 26 ایکڑ زمین فراہم

Thu, 17 Sep 2026 12:34:32    S O News

بنگلورو ، 17/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)وزیر برائے ترقیات بنگلورو کرشنا بائرے گوڈا نے کہا ہے کہ بنگلورو میں شہریوں کو روزمرہ زندگی میں درپیش پرانے مسائل کی نشاندہی کرکے انہیں مرحلہ وار حل کرنے کی کارروائی کی جارہی ہے۔ اسی سلسلے میں پولیس اور محصولات محکمے کے اشتراک سے گزشتہ کئی برسوں سے مختلف پولیس تھانوں اور ان کے اطراف ضبط شدہ حالت میں کھڑی گاڑیوں کو دوسرے مقامات پر منتقل کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہر میں فٹ پاتھوں سے تجاوزات ہٹانے، لاوارث گاڑیوں کو منتقل کرنے اور تعمیراتی ملبہ صاف کرنے کے ساتھ ساتھ اب پولیس تھانوں کے اطراف طویل عرصے سے کھڑی ضبط شدہ گاڑیوں کے مسئلے کو بھی حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وزیر نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے شکایات موصول ہورہی تھیں کہ پولیس تھانوں کے قریب بڑی تعداد میں گاڑیاں کھڑی ہونے کی وجہ سے آمدورفت میں دشواری پیش آرہی ہے۔ ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ نے بھی اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے پر زور دیا تھا۔ اس کے بعد گزشتہ دو ماہ سے متعلقہ محکموں کے درمیان ابتدائی اجلاس منعقد کرکے گاڑیوں کی منتقلی کے لیے انتظامات کیے جارہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بعض گاڑیاں عدالتی مقدمات میں زیرِ سماعت ہونے کے باعث فوری طور پر تلف یا ہٹائی نہیں جاسکتیں۔ عدالت سے خصوصی درخواست کرکے ان معاملات کو جلد نمٹانے کی کوشش کی گئی، تاہم عدالت نے مقدمات کے لیے الگ سے فوری کارروائی کی ہدایت دینے سے انکار کیا۔ اس کے بعد پولیس محکمہ نے ایسی گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے زمین کی ضرورت ظاہر کی۔

کرشنا بائرے گوڈا کے مطابق محصولات محکمہ سے درخواست کیے جانے کے بعد ریاست میں 7 مقامات پر مجموعی طور پر 26 ایکڑ زمین گاڑیوں کو منتقل کرنے کے لیے فراہم کی گئی ہے۔ ان گاڑیوں کو آج سے مرحلہ وار ان مقامات پر منتقل کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس محکمے سے متعلق تقریباً 11,346 گاڑیاں مختلف مقامات پر کھڑی ہیں۔ چونکہ ان میں سے کئی گاڑیاں عدالتی مقدمات میں زیرِ سماعت ہیں، اس لیے مقدمات کے فیصلے تک انہیں تلف نہیں کیا جاسکتا۔ تاہم پولیس تھانوں اور عوامی مقامات کے اطراف سے انہیں ہٹا کر متبادل مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔

وزیر نے جے نگر کے چوتھے بلاک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں بڑی تعداد میں پرانی اور ناکارہ گاڑیوں کے جمع ہونے سے ماحول بدنما نظر آتا ہے اور ایسے مقامات غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آج کا پیدا کردہ مسئلہ نہیں بلکہ گزشتہ 15 سے 20 برسوں سے پولیس محکمے کو درپیش مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک ماہ کے دوران حتی الامکان تمام ایسی گاڑیوں کو متبادل مقامات پر منتقل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

کرشنا بائرے گوڈا نے مزید بتایا کہ 2,024 گاڑیوں پر نوٹس چسپاں کیے گئے ہیں۔ نوٹس کے باوجود مالکان یا متعلقہ افراد انہیں واپس لینے کے لیے نہیں پہنچے، جس کے بعد ایسی گاڑیوں کو ٹو کرکے منتقل کرنے کی کارروائی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض سرکاری گاڑیاں بھی اب مکمل طور پر ناکارہ حالت میں پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے ان گاڑیوں کا جائزہ لیا ہے اور تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ بات چیت کرکے ناکارہ سرکاری گاڑیوں کو بھی ہٹانے اور مناسب کارروائی کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔


Share: