ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بیلگاوی میں بیف اسمگل کرنے کا الزام - ہجوم نے ٹرک جلا دیا - 9 ملزمین گرفتار

بیلگاوی میں بیف اسمگل کرنے کا الزام - ہجوم نے ٹرک جلا دیا - 9 ملزمین گرفتار

Wed, 24 Sep 2025 19:03:59    S O News
بیلگاوی میں بیف اسمگل کرنے کا الزام -  ہجوم نے ٹرک جلا دیا - 9 ملزمین گرفتار

بیلگاوی،  24 / ستمبر (ایس او نیوز) بیلگاوی ضلع میں رائے باغ کے قریب آئیناپور میں بیف کی اسمگلنگ کا الزام لگاتے ہوئے ہجوم کے ذریعے ڈرائیور کو پیٹنے کے علاوہ ٹرک کو آگ لگانے کی جو واردات پیش آئی تھی اس معاملے میں پولیس نے 9 ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے ۔
    
خیال رہے کہ 22 ستمبر کو سوموار کی رات میں یہ واردات پیش آئی تھی جب اوگر- آئینا پور روڈ پر سدیشور مندر کے قریب دائیں بازو کی تنظیموں [سنگھ پریوار] سے وابستہ کارکنان نے ٹرک کا راستہ روکا تھا جس میں مبینہ طور پر کئی ٹن بیف موجود تھا جو کوڈاچی سے حیدر آباد کی طرف لے جایا جا رہا تھا ۔ جس کے بعد ہجوم نے ڈرائیور پر حملہ کرنے کے ساتھ ٹرک کو نذر آتش کر دیا ۔ جب تک پولیس موقع پر پہنچتی تب تک ٹرک پوری طرح جل چکا تھا ۔
    
فاَئر اینڈ ایمرجنسی سروسس کے اہلکاروں کے علاوہ اوگر شوگر فیکٹری کے عملے نے مل کر آگ بجھانے کی کارروائی انجام دی تھی ۔ جبکہ  پولیس سب انسپکٹر راگھویندرا کھوت کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا ۔
    
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بھیم شنکر ایس گلید نے بتایا ہے کہ پولیس نے اس واردات کے سلسلے میں دو معاملے درج کیے ہیں ۔ جس میں سے ایک معاملہ گئو کشی روک تھام قانون کے تحت ہے اور اس سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ بیف اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیے گئے ملزمین کی شناخت سانگلی مہاراشٹرا کے رہنے والے وکاس دادا وارے، سدھیر نابیراج گستی کے علاوہ کوڈچی بیلگاوی کے رہنے والے صاحب لال حیات چند موٹاولے کے طور پر کی گئی ہے ۔ ان میں سے کلیدی ملزم کو منگل کے دن کلبرگی سے گرفتار کیا گیا ۔ اس کے علاوہ ایک اور ملزم کو تحویل میں لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ ہو رہی ہے ۔
    
دوسرا معاملہ بی این ایس اور ایس سی/ ایس ٹی زیادتی مخالف قانون کے تحت ہے لوٹ مار، ڈکیتی اور مارپیٹ کے الزام میں 6 / افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ اویش شیواپترا جیرگالے، سہاس شیواجی لوندے، انیل باسپّا ساوالی، سدشیو ملّپّا کروندا واڈے کے طور پر کی گئی ہے ۔ 
    
ایس پی کا کہنا ہے کہ ٹرک کے اندر جو بچا ہوا گوشت تھا اسے حاصل کرکے لیباریٹری میں جانچ کے لئے بھیج دیا گیا ہے ۔ ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمین گزشتہ ایک ہفتے سے کٹا ہوا گوشت حاصل کرکے صندوقوں میں بھر کر رفت کیا کرتے تھے ۔      


Share: