ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / بحرین میں ایرانی حملوں کی ویڈیوز شیئر کرنے پر 5 پاکستانیوں سمیت 6 افراد گرفتار

بحرین میں ایرانی حملوں کی ویڈیوز شیئر کرنے پر 5 پاکستانیوں سمیت 6 افراد گرفتار

Wed, 11 Mar 2026 13:57:47    S O News
بحرین میں ایرانی حملوں کی ویڈیوز شیئر کرنے پر 5 پاکستانیوں سمیت 6 افراد گرفتار

منامہ  ، 11/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)بحرین میں ایرانی حملوں سے متعلق ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں 5 پاکستانی اور ایک بنگلہ دیشی شہری شامل ہیں۔ بحرین کی وزارتِ داخلہ کے مطابق ملزمان نے ایرانی حملوں کی ویڈیوز بنا کر انہیں سوشل میڈیا پر گمراہ کن انداز میں شیئر کیا اور ان میں حملوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کی ویڈیوز سے ملک کی سلامتی اور عوامی نظم و نسق متاثر ہو سکتا تھا اور عوام میں خوف و ہراس پھیلنے کا اندیشہ تھا۔ وزارت کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

دراصل بحرین حکومت نے شہریوں اور وہاں مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بغیر تصدیق والی ویڈیوز یا خبریں سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔ ایسا کرنے پر سخت قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔ اسی دوران مناما میں واقع پاکستانی سفارت خانہ نے بھی بحرین میں رہنے والے پاکستانیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سیکورٹی سے متعلق کسی بھی واقعہ کی تصویر یا ویڈیو نہ بنائیں، اور نہ ہی انھیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کریں۔

بحرین میں الیکٹرانک سیکورٹی امور کے افسر کیپٹن خلیفہ النجم نے کہا کہ اگر لوگوں کو کہیں میزائل کا ملبہ نظر آئے تو اس کی تصویر نہیں لینی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ جو چیز عام لوگوں کو صرف ایک تصویر لگتی ہے، وہی دشمن کے لیے نہایت اہم معلومات بن سکتی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی واقعہ کی ویڈیو ریکارڈنگ یا لائیو اسٹریمنگ سے حساس معلومات باہر جا سکتی ہیں، سیکورٹی آپریشن متاثر ہو سکتے ہیں اور عوام میں بلاوجہ خوف پھیل سکتا ہے۔ بعض صورتوں میں ایسی ویڈیوز امدادی اداروں کے کام میں بھی رکاوٹ ڈال سکتی ہیں۔

بحرین میں پاکستان کے سفیر ثاقب رؤوف نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ مقامی قانون کے تحت سیکورٹی سے متعلق واقعات کی تصاویر یا ویڈیوز بنانا اور انھیں پھیلانا سختی سے ممنوع ہے۔ انہوں نے پاکستانیوں سے قانون کی پابندی کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ قواعد کی خلاف ورزی پر سخت سزا ہو سکتی ہے۔ بحرین کی راجدھانی مناما میں ایک ایرانی فضائی حملہ میں 29 سالہ خاتون ہلاک ہو گئی، جبکہ ایک دن پہلے 30 سے زیادہ افراد کے زخمی ہونے کی خبر ملی تھی۔ حکام کے مطابق اب تک 100 سے زیادہ میزائل اور 173 ڈرون حملوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔

بہرحال، خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق قطر میں بھی ایرانی حملوں سے متعلق ویڈیوز کے ذریعہ گمراہ کن معلومات پھیلانے کے الزام میں 300 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کویت میں اسی طرح کے الزام میں 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے اب تک ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ سعودی عرب اور یو اے ای نے بھی اپنے شہریوں کو ایسی ویڈیوز شیئر نہ کرنے کی تنبیہ دی 


Share: