نئی دہلی ، 24/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) اگر آپ کے گھر میں بھی 5 سے 17 سال کی عمر کے بچے ہیں تو یہ خبر آپ ہی کے لیے ہے۔ ہندوستانی منفرد شناختی اتھارٹی (UIDAI) نے خبردار کیا ہے کہ جن جن بچوں کا آدھار میں بایومیٹرک اپ ڈیٹ نہیں ہے، وہ 30 ستمبر تک یہ ضروری کام کر لیں۔ آدھار مراکز پر بایومیٹرک اپ ڈیٹ مفت ہو رہا ہے۔ اگر آپ نے یہ آخری تاریخ گنوا دی، تو نہ صرف آپ کو بعد میں فیس ادا کرنی ہوگی، بلکہ اسکول میں داخلے سے لے کر اسکالرشپ تک کے کئی ضروری کام بھی اٹک سکتے ہیں۔
یو آئی ڈی اے آئی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کے ذریعے کہا ہے کہ بچوں کے 5 سال اور 15 سال کی عمر مکمل ہونے پر آدھار میں بایومیٹرک اپ ڈیٹ کرانا لازمی ہے۔ یہ اپ ڈیٹ اسکول میں داخلے، امتحانات، اسکالرشپ کی درخواست اور مختلف سرکاری اسکیموں کا فائدہ لینے کے دوران شناخت کی تصدیق کو آسان بناتا ہے۔ اتھارٹی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری وقت تک انتظار نہ کریں اور جلد از جلد قریبی آدھار مرکز پر جا کر یہ عمل مکمل کرائیں۔
یو آئی ڈی اے آئی کے قواعد کے مطابق، جب کسی بچے کا آدھار پانچ سال کی عمر سے پہلے بنتا ہے، تو اس میں صرف اس کی ذاتی معلومات اور تصویر درج کی جاتی ہے۔ اس وقت بچے کے فنگر پرنٹس اور آئرس (آنکھ کی پتلی) اسکین نہیں لیے جاتے، کیونکہ کم عمری میں یہ بایومیٹرک شناخت مسلسل نشوونما پا رہی ہوتی ہے۔
اسی وجہ سے بچے کے پانچ سال کا ہونے پر پہلا لازمی بایومیٹرک اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد 15 سال کی عمر مکمل ہونے پر دوسرا بایومیٹرک اپ ڈیٹ ضروری ہوتا ہے، تاکہ اس کا آدھار ریکارڈ تازہ ترین اور درست بنا رہے۔