احمد آباد،17جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا) جمعہ کو جیل سے باہر آئے پٹیل ریزرویشن کے لیڈر ہاردک پٹیل اپنی ضمانت کی شرط کے مطابق آج صبح راجستھان کے ادے پور کے لئے روانہ ہو گئے،گجرات ہائی کورٹ نے ہاردک کو ضمانت دیتے ہوئے یہ شرط رکھی تھی کہ وہ اگلے 6 ماہ ریاست سے باہر رہیں گے۔اس مدت میں 22سالہ ہاردک کانگریس کے سابق ممبر اسمبلی اور مقامی پٹیل لیڈر پشکرلال پٹیل کے ادے پور میں واقع رہائش گاہ میں رہیں گے۔پاٹیدار انامت آندولن سمیتی کے لیڈر اور ہاردک کے قریبی ساتھی دنیش ببھانیا کے مطابق پٹیل ریزرویشن تحریک کے لیڈران نے آج صبح قریب ساڑھے سات بجے اپنے آبائی مقام ویرمگم سے ادے پور کاسفر شروع کیا۔ببھانیا نے کہاکہ ہاردک دوپہر کو ادے پور پہنچ جائیں گے۔گجرات سرحد پر ان کے حامیوں نے ان کا استقبال کیا۔ریاست سے نکلنے سے پہلے ہاردک نے شمالی گجرات کے مختلف علاقوں میں جانا تھا لیکن وقت کی کمی کی وجہ سے انہیں اپناسفر چھوٹا کرنا پڑا اور وہ براہ راست ادے پور کے لئے نکل گئے۔ہائی کورٹ نے غداری کے دو مقدمات میں اور وسنگر ممبر اسمبلی کے دفتر میں تشدد سے منسلک ایک معاملے میں ضمانت دے کر ہاردک کی رہائی کی راہ ہموار کر دی تھی۔ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق ہاردک کو جیل سے رہائی کے 48گھنٹے کے اندر گجرات چھوڑنا تھا۔ان 48گھنٹے کی یہ مدت آج صبح 11بجے پوری ہو رہی تھی،اس لیے ہاردک آج جلدی ہی ادے پور کے لئے نکل گئے۔سورت اور احمد آباد کی سیشن عدالتوں کے سامنے دئے حلف ناموں میں ہاردک کے وکلاء نے معلومات دی ہے کہ ہاردک راجستھان کے ادے پور میں ایئر پورٹ روڈ پر واقع سری ناتھ نگر کے مکان نمبر 190میں رہیں گے۔اس مکان کے مالک پشکرلال پٹیل ہیں، جو کانگریس کے سابق ممبر اسمبلی اور مقامی پٹیل لیڈر ہیں۔پشکرلال پٹیل نے نامہ نگاروں کوبتایاکہ میں نے اپنے مکان میں ہاردک کے لئے سب انتظامات کر دئے ہیں،ہاردک ہماری کمیونٹی کے حقوق کیلئے لڑ رہے ہیں اور انہیں راجستھان میں بھی پٹیل کمیونٹی کی حمایت ملی ہے۔