ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / 4 اپریل کو یوگی کابینہ کی پہلی میٹنگ، کیا کسانوں کی قرض معافی ہوگی؟

4 اپریل کو یوگی کابینہ کی پہلی میٹنگ، کیا کسانوں کی قرض معافی ہوگی؟

Mon, 03 Apr 2017 01:04:00    S.O. News Service

نئی دہلی:2/اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو آئے 14دن بیت چکے ہیں اور اب تک اس کی پہلی کابینہ میٹنگ نہیں ہوئی ہے، لیکن اب یوگی کابینہ کی پہلی میٹنگ 4/اپریل کو شام 5بجے ہونے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔اتر پردیش کے وزیر صحت سدھارتھ ناتھ سنگھ نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ابھی سب کے ذہن میں یہی سوال ہے کہ اس کابینہ میٹنگ میں یوگی کابینہ کون سے بڑے فیصلے کرتی ہے؟مانا جا رہا ہے کہ اس کابینہ میں یوپی کے کسانوں کی قرض معافی کو لے کر کوئی فیصلہ کیا جا سکتا ہے،جیسا کہ بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا تھا۔وزیر اعظم مودی نے انتخابی مہم کے دوران یہ وعدہ کیا تھا کہ کابینہ کی پہلی میٹنگ میں کسانوں کے قرض معاف کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ یوپی میں بجلی کی چوری کو روکنے کے لیے بھی کچھ سخت اقدامات کا اعلان ممکن ہے، وہیں قانون وانتظام کے محاذ پر کابینہ کی میٹنگ میں کچھ اور سخت فیصلوں کا اعلان ہو، تو تعجب نہیں ہونا چاہیے۔یوپی کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ کے مطابق،یوگی حکومت کی پہلی کابینہ میٹنگ میں ان تمام معاملات پر بات چیت کی جائے گی،جو عوام کے مفادات سے وابستہ ہیں اور بی جے پی نے جن مسائل کو اپنے انتخابی منشور میں شامل کیا  تھا۔ان میں کسانوں سے لے کر خواتین تک کے مسائل شامل ہیں۔نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے الہ آباد میں بتایا کہ بی جے پی ان تمام وعدوں کو پورا کرنے کا کام کرے گی،جو اس نے انتخابات کے وقت عوام سے کیا تھا۔ موریہ کے مطابق کابینہ کی پہلی میٹنگ میں کئی اہم مسائل پر فیصلہ ہو سکتا ہے۔کیشو پرساد موریہ نے یہ بھی کہا کہ صوبے میں شراب کی دکانوں کو ہائی وے سے ہٹا کر بستیوں میں منتقل کئے جانے کے بعد مچے ہنگامے کی حکومت معلومات لے گی اور عوام کے مفاد میں جو بھی مناسب ہوگا وہ فیصلہ لے گی۔ان کے مطابق شراب کی دکانوں کو شفٹ کرنے کا کام قانون کے مطابق کیا جا رہا ہے پھر بھی اس میں عوام کے مفادات کا خیال رکھا جائے گا۔


Share: