بنگلورو، یکم ستمبر (ایس او نیوز / ایجنسی) بنگلورو پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم پائے جانے والے 31 بنگلہ دیشی شہریوں کو حراست میں لینے کے بعد پیر کے روز ملک بدر کردیا۔ یہ کارروائی شہر کے 10 مختلف پولیس تھانوں کی حدود میں کی گئی کارروائیوں کے بعد عمل میں آئی۔
پولیس کے مطابق ملک بدر کیے گئے افراد کو 20 پولیس اہلکاروں کی نگرانی میں سر ایم۔ وشویشوریا ٹرمینل، بنگلورو سے مغربی بنگال کے مالدہ ریلوے اسٹیشن تک روانہ کیا گیا۔
الیکٹرانک سٹی ڈویژن کے ڈپٹی کمشنر پولیس ایم۔ نارائنا نے بتایا کہ مذکورہ افراد کے منگل کے روز شام 5 بجے تک مالدہ پہنچنے کی توقع ہے، جہاں ان کے حوالے سے مزید قانونی اور انتظامی کارروائی مکمل کی جائے گی۔
بنگلورو کے پولیس کمشنر سیمنت کمار سنگھ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں شہر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے بارے میں کوئی قابلِ اعتماد معلومات حاصل ہوں تو وہ پولیس کو اطلاع دیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ شہری خود قانون ہاتھ میں نہ لیں اور کسی بھی شخص کے خلاف اپنی سطح پر کارروائی کرنے سے گریز کریں۔
پولیس کمشنر نے کہا کہ غیر قانونی تارکینِ وطن کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں عوام کا تعاون اہم ہے، تاہم ایسی تمام کارروائیاں قانون کے دائرے میں رہ کر ہی انجام دی جانی چاہئیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بنگلورو میں جاری ’آپریشن مکتا‘ کے تحت غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی شناخت اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں اس سلسلے میں نگرانی اور جانچ کا عمل مزید تیز کیا جائے گا۔