ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / 169دن بعد دہلی میٹرو کی خدمات آج سے شروع، ایلو لائن پر دوڑی پہلی ٹرین

169دن بعد دہلی میٹرو کی خدمات آج سے شروع، ایلو لائن پر دوڑی پہلی ٹرین

Mon, 07 Sep 2020 10:36:29    S.O. News Service

نئی دہلی،7؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا وائرس کے انفیکشن کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاون نافذ کیا گیا تھا۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی خدمات بھی روک دی گئی تھیں۔ اب انلاک 4 کے شروع ہونے کے بعد انہیں مرحلہ وار طریقے سے شروع کیا جا رہا ہے۔ اسی ضمن میں 7 ستمبر سے دہلی میٹرو کی خدمات بھی شروع ہو گئی ہیں۔ میٹرو خدمات پیر کی صبح 7 بجے سے شروع ہوئیں۔ پہلے مرحلے کے تحت سب سے پہلے ایلو لائن پر خدمات شروع کی جا رہی ہیں۔ اس روٹ کے ذریعہ مسافر سمے پور بادلی سے گروگرام کے ہڈا سٹی سینٹر تک جا سکیں گے۔ ڈی ایم آر سی (Delhi Metro) کا دعویٰ ہے کہ کووڈ۔19 کے پھیلاو کو روکنے کے لئے کئی طرح کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ بتا دیں کہ دہلی میٹرو کی خدمات 169 دنوں کے بعد پھر سے شروع ہو رہی ہیں۔

دہلی پولیس کے جوائنٹ کمشنر (ٹریفک) اتل کٹیار نے کہا کہ بھیڑ کو قابو میں کرنے کے لئے ہر میٹرو اسٹیشن پر بھاری پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ پولیس اہلکار اس بات پر بھی دھیان دیں گے کہ میٹرو سے سفر کرنے والے مسافر فیس ماسک پہنے ہوئے ہیں یا نہیں یا پھر سماجی فاصلہ پر عمل ہو رہا ہے یا نہیں۔ اتل کٹیار کی مانیں تو پولیس اہلکاروں کو بھیڑ کو قابو میں کرنے کے ساتھ ساتھ کووڈ۔ 19 سے منسلک سبھی رہنما خطوط پر عمل کرانے کو بھی یقینی بنانا ہو گا۔

بتا دیں کہ دہلی میٹرو 5 ماہ سے بھی زیادہ مدت کے بعد شروع ہوا ہے۔ پیر کو صرف ایک لائن کھلی اور اس کا آپریشن وقت صبح 7 بجے سے 11 بجے تک اور شام 4 سے 6 بجے تک ہو گا۔ اس کا مطلب ہے کہ میٹرو دو شفٹ میں چلے گی اور اس دوران گاڑیوں کو سینیٹائز کیا جائے گا اور میٹرو اسٹیشن پر کورونا سے بچاؤ کے لیے صاف صفائی اور دیگر ضروری احتیاطی تدابیر کی جائیں گی۔ پیر اور منگل کو محض یلو لائن پر میٹرو سروسز دستیاب ہوں گی اور57 ٹرینیں 452 پھیرے لگائیں گی۔

دہلی میٹرو کا آپریشن 22 مارچ سے بند ہے اور اب 169 دنوں بعد میٹرو  خدمات شروع ہوئی ہیں۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کی ٹرینیں چلانے کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) بدھ کے روز اعلان کیا گیا تھا جس میں اہلکاروں اور مسافروں کے لیے تفصیلی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

رہنما خطوط کے مطابق میٹرو اسٹیشن کے انٹری پوائنٹس پر مسافروں کی تھرمل اسکریننگ کرنے کے بعد ہی انھیں داخل ہونے دیا جائے گا اور کنٹینمینٹ زون کے تمام اسٹیشنں پر عوام کی انٹری اور ایگزٹ ممنوع رہے گی۔ مسافروں اور اسٹاف کے لیے فیس ماسک لازمی ہوگی۔ اسمارٹ فون رکھنے والے تمام مسافروں کو ’آروگیہ سیتو ایپ‘ ڈاؤن لوڈ کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں 7، نو اور 10 ستمبر کو میٹرو ٹرین سروسز ہوں گی۔ سات اور آٹھ ستمبر کو یلو لائن (سمے پور بادلی سے ہڈا سٹی سینٹر اور ریپڈ میٹرو، گروگرام) کا آپریشن صبح چار گھنٹے (سات بجے سے 11 بجے) اور شام کو بھی چار گھنٹے (شام چار بجے سے رات آٹھ بجے) تک ہوگا۔


Share: