لکھنؤ، 28؍جولائی (ایس ونیوز)اتر پردیش کے منی پوری گاؤں میں جمعرات کوپیش آئے ایک دل کو دہلادینے والے واقعے میں محض پندرہ روپئے کی بسکٹ پاکٹ کو لےکر ایک اونچی ذات والے نے دلت جوڑے کو مبینہ طور پرکلہاڑی مارکر ہلاک کردیا ۔ اطلاع کے مطابق 15روپے کے ادھار کو لے کر ہوئی بحث کے دوران اس واردات کو انجام دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم اشوک مشرا منی پوری میں کرانہ کی دکان چلاتا ہے، بتایا گیا ہے کہ اس جوڑے نے اشوک مشرا کی دکان سے کچھ روز قبل 15 روپئے کا ایک بسکٹ پاکٹ خریدا تھا مگر اس کی رقم کی ادائیگی نہیں کی تھی، جمعرات کی صبح جب یہ جوڑا اپنے کام کے لئے نکلا تو اشوک مشرا نے اُنہیں روک لیا اور رقم کا مطالبہ کیا، جب انہوں نے کچھ اور دن کی مہلت مانگی تو اسی بات پر مشتعل ہوکر اس نے قریب میں پڑی ہوئی کلہاڑی اُٹھائی اور دونوں پر وار کردیا۔ اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ میجسٹریٹ پرمود چندرا گپتا نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے اُنہیں بتایا کہ اس جوڑے نے متعلقہ دکان سے صرف 15 روپئے کی کوئی چیز خریدی تھی، جس کی ادائیگی نہ کرنے پر دکاندار نے دونوں کا قتل کیا ہے۔ انہوں نے ملزم کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے کا بھروسہ دلاتے ہوئے بتایا کہ اُسے فوری طور پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نےمزید بتایا کہ دونوں میاں بیوی کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مقتول میاں بیوی دلت طبقہ سے تعلق رکھتے تھے جبکہ مبینہ قاتل اشوک مشرا اونچی ذات والا ہے۔ اشوک مشرا کی گرفتاری کے فوری بعد پورے دیہات میں پولس کا سخت بندوبست کیا گیا ہے اور کسی بھی متوقع احتجاج نیز جھڑپوں کو روکنے کے لئے پیشگی طور پر پولس کی زائد فورس تعینات کی گئی ہے۔