ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / 12؍اگست کو راہول گاندھی اور امیت شا ایک ساتھ کرناٹک میں

12؍اگست کو راہول گاندھی اور امیت شا ایک ساتھ کرناٹک میں

Tue, 01 Aug 2017 23:41:56    S.O. News Service

بنگلورو:یکم /اگست(ایس او نیوز) آنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے ریاست میں کانگریس اور بی جے پی کی طرف سے تیاریوں کا آغاز ایک ساتھ کیاجائے گا۔12اگست کو اے آئی سی سی نائب صدر راہول گاندھی رائچور میں کانگریس کے بہت بڑے جلسے سے خطاب کریں گے، جبکہ اسی دن بی جے پی کے قومی صدر امیت شا بھی آنے والے انتخابات میں بی جے پی کی حکمت عملی وضع کرنے کے سلسلے میں دورۂ بنگلور پر آرہے ہیں۔ امیت شا تین دن تک بنگلور میں ہی مقیم رہیں گے اور ان ایام میں وہ آنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں کے انتخاب اور دیگر امور پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ جبکہ راہول گاندھی 12اگست کو رائچور میں کانگریس کے بہت بڑے جلسۂ عام سے خطاب کرنے کے ساتھ ریاست میں لنگایت فرقہ کو علیحدہ مذہب کا درجہ دینے کی جو مانگ اٹھی ہے اس سلسلے میں کانگریس کے موقف کی وضاحت کریں گے۔ بتایاجاتاہے کہ کانگریس کی طرف سے اگر لنگایت فرقہ کو علیحدہ مذہب کا درجہ دینے کے مطالبے کی حمایت کا اعلان کیاگیا اور رائچور کے جلسۂ عام میں راہول گاندھی نے اگر ریاستی کانگریس کے اس موقف اور ساتھ ہی شمالی کرناٹک کے مختلف مٹھوں کے سربراہوں کی طرف سے لنگایت فرقہ کو علیحدہ مذہب تسلیم کرنے کے مطالبے کو اگر جائز قرار دے دیا تو شمالی کرناٹک خاص طور پر حیدرآباد کرناٹک علاقوں میں کانگریس کو غیر معمولی سیاسی فائدہ ہوسکتاہے۔ بتایاجاتاہے کہ پچھلے اسمبلی انتخابات میں لنگایت طبقے کے جتنے ووٹ ملے ہیں اس کا 43 فیصد فائدہ بی جے پی نے اٹھایا اور کانگریس کو 40.80 فیصد فائدہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق اگر لنگایت طبقے کو الگ مذہب کا درجہ دینے کے مطالبے کا پلا ن کام کرگیا تو کانگریس کو لنگایت طبقے کی حمایت کا اوسط 60 فیصد سے بھی متجاوز ہوسکتاہے اور پچھلے انتخابات میں اس طبقے کے 43 فیصد ووٹ حاصل کرنے والی بی جے پی کو 20تا25 فیصد ووٹوں پر ہی مکتفی ہونا پڑ سکتاہے، اس اوسط کو اگر سدرامیا کی حکمت عملی کی کامیابی کا سبب مانا جائے تو کانگریس آنے والے انتخابات میں 160تا170سیٹوں پر جیت درج کرسکے گی اور بی جے پی کو دوبارہ چالیس تا پینتالیس سیٹوں تک محدود رہنا پڑ سکتاہے۔


Share: