ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اڈیشہ: کٹک کے اسپتال کے آئی سی یو میں آتشزدگی، 10 مریضوں کی موت

اڈیشہ: کٹک کے اسپتال کے آئی سی یو میں آتشزدگی، 10 مریضوں کی موت

Mon, 16 Mar 2026 11:12:02    S O News

 کٹک  ، 16/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) کٹک میں واقع ایس سی بی میڈیکل کالج اور اسپتال  میں پیر کی علی الصبح ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ٹراما کیئر کے آئی سی یو میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں کم از کم دس مریضوں کی موت ہو گئی جبکہ کئی دیگر مریض زخمی ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق آگ پیر کی صبح تقریباً تین بجے اسپتال کے میڈیسن شعبے کی عمارت کی پہلی منزل پر واقع ٹراما کیئر آئی سی یو میں لگی۔ چند ہی منٹوں میں پورا وارڈ دھوئیں سے بھر گیا۔ اس وقت آئی سی یو میں متعدد مریض انتہائی نازک حالت میں زیر علاج تھے اور ان میں سے کئی لائف سپورٹ سسٹم پر رکھے گئے تھے، جس کے باعث انہیں فوری طور پر منتقل کرنا مشکل ہوگیا۔

آگ لگتے ہی اسپتال کے عملے اور فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے فوری طور پر بچاؤ اور راحت کا کام شروع کیا۔ تاہم شدید دھوئیں اور آگ کی تیز لپٹوں کے باعث کئی مریض اس کی زد میں آگئے۔ اسپتال انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کی کوششوں سے درجنوں مریضوں کو محفوظ باہر نکال لیا گیا۔ جن مریضوں کی حالت زیادہ نازک تھی انہیں فوری طور پر اسپتال کے نئے میڈیسن آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا تاکہ ان کا علاج جاری رکھا جا سکے۔

آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں کو طلب کیا گیا جنہوں نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ واقعے کے بعد اسپتال میں خوف اور افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا اور مریضوں کے اہل خانہ میں شدید تشویش دیکھی گئی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن ماجھی اسپتال پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کر کے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق اس وارڈ میں مجموعی طور پر تئیس مریض زیر علاج تھے۔ بچاؤ کارروائی شروع ہونے سے پہلے ہی سات مریض دم توڑ چکے تھے جبکہ بعد میں دھوئیں اور زخموں کے باعث مزید تین مریضوں کی موت ہو گئی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سانحے میں کم از کم پانچ مریض شدید زخمی ہیں جبکہ اسپتال کے دو ملازمین بھی زخمی ہوئے ہیں۔ حکومت نے جاں بحق ہونے والے مریضوں کے اہل خانہ کو پچیس لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

ابتدائی جانچ میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئی سی یو کے ایئر کنڈیشننگ نظام یا کسی طبی آلے میں برقی شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی۔ ریاستی حکومت نے واقعے کی اعلیٰ سطحی جانچ کا حکم دے دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا فائر سیفٹی کے اصولوں پر پوری طرح عمل کیا جا رہا تھا یا نہیں۔


Share: