نئی دہلی:20/اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عام آدمی پارٹی نے دہلی میں ہونے والے ایم سی ڈی انتخابات میں بڑی جیت کا دعوی کیا ہے۔آپ کے مطابق کارپوریشن انتخابات کے لئے پارٹی کے کرائے سروے میں 80فیصد نشستیں اس کے کھاتے میں جاتی نظر آئیں۔اس بارے میں آپ کے سینئر لیڈر آشیش کھیتان نے آج تک کو بتایا کہ سروے میں 31500 لوگوں سے رائے لی گئی، ان میں سے 80فیصد لوگ کجریوال حکومت کے کام سے خوش ہیں۔کھیتان نے دعوی کیا کہ عام آدمی پارٹی کو ایم سی ڈی کی 272 سیٹوں میں سے 218 سیٹیں ملنے جا رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایم سی ڈی انتخابات میں بی جے پی کو 39، کانگریس کو 08 اور آزاد کو 7 نشستیں ملنے جا رہی ہیں۔جب کھیتان سے گزشتہ سروے غلط ہونے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا، ہاں پنجاب میں ہمارا سروے غلط ہوا لیکن سروے تو چینلز کے بھی غلط ہوتے ہیں۔وہیں ایم سی ڈی میں حکمراں بی جے پی نے آپ کے دعووں کو غلط قرار دیتے ہوئے خود کی جیت کا دعوی کیا ہے۔ دہلی بی جے پی کے ترجمان تجیندر پال بگا نے ٹوئٹ کرکے کہاکہ کجریوال کی پارٹی کے سروے میں ان کی پارٹی کو 202 سے زیادہ سیٹیں مل رہی ہیں۔بگا نے دعوی کہ آپ کے ایک کارکن نے انہیں یہ بات بتائی ہے۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ کیجریوال جی ڈر گئے ہیں اور اسی وجہ سے انتخابات سے پہلے وہ سروے نہیں جاری کر رہے ہیں۔