ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ’’آپ‘‘کاالزام،پنڈوچیری حکومت کے کام میں دخل دیتی ہیں کرن بیدی

’’آپ‘‘کاالزام،پنڈوچیری حکومت کے کام میں دخل دیتی ہیں کرن بیدی

Sat, 06 Aug 2016 21:14:54    S.O. News Service

نئی دہلی،6اگست؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)عام آدمی پارٹی(آپ)نے آج الزام لگایا کہ پندوچیری کی لیفٹیننٹ گورنر کرن بیدی وہاں کی حکومت کے کام کاج میں دخل اندازی کر رہی ہیں۔پارٹی نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت پنڈوچیری میں بھی وہی طور طریقے اپنا رہی ہے، جو دہلی میں اپنارہی ہے۔’’آپ‘‘کے لیڈر سنجے سنگھ نے الزام لگایا کہ حال ہی میں پنڈوچیری کی لیفٹیننٹ گورنر مقرر کی گئیں بیدی اس مرکزکے زیرِ انتظام ریاست کے کام کاج میں اس قدر دخل دیتی ہیں کہ وہ منصوبوں سے منسلک حکم بھی جاری کر دیتی ہیں۔بیدی پر نشانہ لگاتے ہوئے ’’آپ‘‘کے رکن اسمبلی اور جنوبی ریاستوں میں پارٹی کے انچارج سومناتھ بھارتی نے الزام لگایا کہ مودی نے ایسے لوگوں کو لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے پر مقرر کیا ہے، جو وزیر اعلی بننا چاہتے تھے لیکن بن نہیں سکے۔سنجے سنگھ نے الزام لگایا کہ کرن بیدی جی نے کہا ہے کہ پنڈوچیری میں ان کے احکام چلتے ہیں،وہ واٹس اپ گروپوں اورٹوئٹرپرپیغام دیتی ہیں۔پولیس کے سربراہ سمیت دیگر حکام کو طلب کیا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ انہیں ان کی بات سننی ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی جی کی سرکار جمہوریت اور آئین کے لئے سنگین خطرہ بن گئی ہے اور اسے منتخبہ حکومتوں میں کوئی اعتماد نہیں ہے۔’’آپ‘‘ لیڈر نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کو اس پر غور کرنا چاہئے اور ملک کے وفاقی ڈھانچے کی مضبوطی کے لئے ایک ٹھوس قانون منظور کرنا چاہئے۔تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ پنڈوچیری کے وزیر اعلی اور کانگریس کے سینئر لیڈر وی نارائن سامی نے آج زور دے کر کہا کہ ان کی حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر کرن بیدی کے درمیان کسی طرح کے اختلافات نہیں ہیں۔نارائن سامی نے کہاکہ لیفٹیننٹ گورنر اور حکومت کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔بہر حال’’آپ‘‘لیڈر بھارتی نے کہا کہ کانگریس دہلی میں کسی اور زبان میں بات کرتی ہے لیکن پنڈوچیری میں اسے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جن سے قومی دارالحکومت میں ’’آپ‘‘حکومت برسرپیکار رہی ہے۔
 

 


Share: